سال میں تین بار زچگی کی چھٹیاں لینے والی نوشہروفیروز کی خاتون ٹیچر معطل

ایک ہی سال میں بچے کی پیدائش کی تین بار چھٹیاں لینے والی خاتون ٹیچر صنم ناز کو معطل کردیا گیا۔

مذکورہ خاتون نے ایک ہی یعنی رواں سال کے 8 مہینوں میں تین بار زچگی کی چھٹیاں لی تھیں جو مجموعی طور پر 195 بنتی ہیں۔

پاکستانی قوانین کے تحت کوئی بھی سرکاری ملازم خاتون اپنے ہاں پہلےبچے کی پیدائش پر 6 ماہ یعنی 180 دن کی چھٹیاں لے سکتی ہے، تاہم نوشہروفیروز کی خاتون ٹیچر نے 8 ماہ میں 6 ماہ سے زیادہ کی چھٹیاں لیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ خاتون نے ایک بار چھٹیاں نہیں لیں بلکہ انہوں نے 8 مہینوں میں تین بار زچگی کی چھٹیاں لیں۔

سندھی ٹی وی چینل ’ٹائم نیوز‘ کے مطابق معاملے کی خبر سامنے آنے کے بعد ڈائریکٹر ایجوکیشن نے نوٹس لیتے ہوئے خاتون ٹیچر صنم ناز کو معطل کردیا۔

مذکورہ خاتون پہلی بار 20 مارچ سے 4 مئی، دوسری بار 5 مئی سے 18 جون اور تیسری بار 2 اگست سے 19 ستمبر تک چھٹیوں پر گئی تھیں اور تینوں بار خاتون نے زچگی قوانین کی چھٹیاں لیں۔

ڈائریکٹر تعلیم نے خاتون ٹیچر کو 8 ماہ میں تین بار مجموعی طور پر 195 چھٹیاں دینے پر وضاحت طلب کرلی۔

ڈائریکٹر ایجوکیشن بے نظیرآباد نصیر جوگی نے سابق ڈی ای او پرائمری سے وضاحت طلب کی اور نوٹس میں کہا ہے کہ ایک سال میں 195 دن کی زچگی اورطبی چھٹیاں دینا سنگین غفلت ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ تین روز میں جواب دیں بصورت دیگر محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔