قاضی احمد میں میٹرک کی طالبہ کو ہراساں کرنے کے الزام میں ہیڈ ماسٹر گرفتار
ضلع نوابشاہ کے نواحی شہر قاضی احمد میں میٹرک کی شادی شدہ طالبہ کو مبینہ طور پر جنسی ہراساں کرنے کے الزام میں ہائی اسکول کے ہیڈ ماسٹر کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ دوسرے استاد کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
سندھی ٹی وی چینل ٹائم نیوز کے مطابق قاضی احمد کے گوٹھ مصری خان کھوسو کے پولیس اہلکار یونس کھوسو نے اپنی اہلیہ کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا مقدمہ دائر کروایا، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ہائی اسکول کے ہیڈ ماسٹر ذوالفقار کھوسو کو گرفتار کرلیا۔
مقدمے میں نامزد کیے گئے دوسرے استاد محبوب علی کھوسو کی گرفتاری کی کوشش جاری ہیں۔
مہران یونیورسٹی جامشورو میں طالبات کو ہراساں کیے جانے کا انکشاف
مقدمے میں فریادی نے بتایا کہ ہائی اسکول کے ہیڈ ماسٹر نے ان کی اہلیہ میٹرک کی طالبہ سعیدہ کھوسو کو اسکول بلا کر ان کے ساتھ نامناسب حرکت کرنے کی کوشش کی۔
مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ طالبہ نے ہیڈ ماسٹر کے نامناسب رویے کی شکایت جب گھر کی تو ہیڈ ماسٹر نے طالبہ سعیدہ کھوسو کی تذلیل کی، انہیں گالیاں دیں۔
پولیس نے مقدمہ دائر کرنے کے بعد ہیڈ ماسٹر ذوالفقار کھوسو کو گرفتار کرکے دوسرے استاد محبوب کھوسو کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کردیے۔