سکرنڈ میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن

وسطی سندھ کے ضلع نوابشاہ (بینظیر آباد) کی تحصیل سکرنڈ کے قریب پولیس اور رینجرز کے مشترکہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور علاقہ مکینوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک جب کہ تین اہلکار زخمی ہوگئے۔

سندھی ٹی وی چینل کے ٹی این کے مطابق سکرنڈ کے قریب گاؤں ماڑی جلبانی میں پولیس اور رینجرز نے خفیہ معلومات پر آپریشن کیا۔

آپریشن کے لیے سیکیورٹی فورسز کے گاؤں داخل ہوتے ہی گاؤں والوں نے ان پر فائرنگ کردی، جس پر جوابی کارروائی کے دوران کم از کم 4 افراد ہلاک جب کہ 4 زخمی ہوگئے۔

سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم تین اہلکار بھی زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر نوابشاہ اسپتال منتقل کیا گیا۔

فائرنگ اور آپریشن کے واقعے کے بعد نگران صوبائی وزیر (ر) حارث نواز نے کے ٹی این کو بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے آپگھاتی بمبار کی موجودگی پر آپریشن کیا، جس دوران اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی۔

نگران وزیر داخلہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دو مشتبہ ملزمان مارے گئے جب کہ 4 رینجرز اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے چاروں افراد کی لاشوں سمیت گاؤں والوں نے قومی شاہراہ پر دھرنا دے کر آنے جانے والی ٹریفک معطل کردی۔