سندھ میں 61 قومی 130 صوبائی نشستیں: الیکشن کمیشن کی ابتدائی حلقہ بندیوں کی فہرست جاری

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی)نے ابتدائی حلقہ بندیوں کی فہرست شائع کر دی، ابتدائی حلقہ بندیوں کی رپورٹ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر شائع کی گئی ہے۔

حلقہ بندیوں کے نقشہ جات بھی ویب سائٹ پر موجود ہیں، ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت 30 دن یعنی 26 اکتوبر تک رہےگی، ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات متعلقہ حلقےکا ووٹر کرسکتا ہے۔

فہرست کے مطابق سندھ میں قومی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 61 ہے، سندھ میں قومی اسمبلی کی ایک نشست کا کوٹہ 9 لاکھ 13 ہزار 52 ہے۔

سندھ میں صوبائی اسمبلی کی 130 نشستیں ہیں، سندھ میں صوبائی اسمبلی کی ایک نشست کا کوٹہ 4 لاکھ 28 ہزار 432 ہے۔ دارالحکومت کراچی کی قومی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 22 ہے،کراچی کے7 اضلاع میں سندھ اسمبلی کی نشستیں47 ہیں۔

سندھ میں جیکب آباد، کشمور اور شکارپور کی قومی اسمبلی کی مشترکہ نشستیں 4 کر دی گئیں ہیں جبکہ سانگھڑ کی قومی اسمبلی کی نشستیں 3 سے کم کرکے 2 کر دی گئیں ہیں۔

دارالحکومت کراچی جنوبی کی قومی اسمبلی کی نشستیں 2 سے بڑھا کر 3 کر دی گئیں، ملیر کی صوبائی اسمبلی کی نشستیں 5 سے بڑھا کر 6 جبکہ کراچی ایسٹ کی 8 سے بڑھا کر 9 اور کراچی سینٹرل کی صوبائی اسمبلی کی نشستیں بھی 8 سے بڑھا کر 9 کر دی گئی ہیں۔

اسی طرح خیرپور کی صوبائی اسمبلی کی نشستیں 7 سے کم کر کے 6، سانگھڑ کی 6 سے کم کرکے 5 جبکہ ٹھٹہ کی صوبائی اسمبلی کی نشستیں 3 سے کم کر کے 2 کر دی گئی ہیں۔

اسی طرح پنجاب کی آبادی 12 کروڑ 76 لاکھ 88 ہزار 922 ہے، پنجاب میں قومی اسمبلی کی نشستیں 141 ہیں، پنجاب میں قومی اسمبلی کی ایک نشست کا کوٹہ 9 لاکھ 5 ہزار 595 ہے۔

پنجاب میں صوبائی اسمبلی کی نشستیں 297 ہیں، صوبائی اسمبلی کی ایک نشست کا کوٹہ 4 لاکھ 29 ہزار 929 ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی آبادی 23 لاکھ 63 ہزار 863 ہے، اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی نشستیں 3 ہیں، اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی ایک نشست کا کوٹہ 7 لاکھ 87 ہزار 954 ہے۔

خیبرپختونخوا کی آبادی 4کروڑ 8 لاکھ 56 ہزار 97 ہے، خیبرپختونخوا کی قومی اسمبلی کی نشستیں 45 ہیں، یہاں قومی اسمبلی کی ایک نشست کا کوٹہ 9 لاکھ7 ہزار 913 ہے، صوبے میں صوبائی اسمبلی کی 115نشستیں ہیں، صوبائی اسمبلی کی ایک نشست کا کوٹہ 3 لاکھ55 ہزار 270 ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان کی آبادی 1 کروڑ 48 لاکھ 94 ہزار 402 ہے، بلوچستان میں قومی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد16 ہے، یہاں قومی اسمبلی کی ایک نشست کا کوٹہ 9 لاکھ 30 ہزار 900 ہے۔

بلوچستان میں صوبائی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 51 ہے، بلوچستان میں صوبائی اسمبلی کی ایک نشست کا کوٹہ 2 لاکھ 92 ہزار 47 ہے۔