شکارپور: شادی کے 10 سال بعد چار بچوں کو جنم دینے والی خاتون انتقال کر گئیں
شمالی سندھ کے ضلع شکارپور میں شادی کے 10 سال بعد پہلی بار چار بچوں کو جنم دینے والی خاتون بچوں کی پیدائش کے دو دن بعد انتقال کر گئیں۔
شکارپور کے علاقے امروٹ شریف کے قربیی گائوں شھمیر بروھی کی خاتون کے ہاں 9 اگست کو نجی اسپتال کرسچین میں چار بچیوں کی پیدائش ہوئی تھی، بچوں کو جنم دینے کے بعد خاتون کی حالت بگڑ گئی تھی اور انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں داخل کرایا گیا تھا۔
آئی سی یو میں خاتون کی حالت مزید بگڑ گئی تھی اور وہ 10 اگست کو خالق حقیقی سے جا ملیں۔
اسی حوالے سے خاتون کے بھائی ظھور بروھی نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی بہن کی شادی ایک دہائی قبل ہوئی تھی اور انہیں پہلے کوئی اولاد نہیں تھا۔
شادی کے 10 سال بعد ان کی بہن امید سے ہوئیں تو پورے خاندان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور ان کے اہل خانہ یہ جان کر حیران رہ گئے کہ خاتون کے پیٹ میں چار بچے ہیں۔
خاتون کو 9 اگست کو شکارپور کے کرسچین اسپتال لایا گیا تھا، جہاں انہوں نے نارمل ڈیلیوری کے ذریعے چار بیٹیوں کو جنم دیا اور تمام بچیاں صحت مند تھیں۔
بچیوں کی پیدائش کے بعد والدہ کی طبیعت خراب ہوگئی اور وہ ایک دن بعد انتقال کر گئیں۔
سندھ سمیت پاکستان بھر میں عام طور پر خواتین کے ہاں ایک سے دو بچوں کی پیدائش ہوتی ہے، تاہم ملک کے مختلف علاقوں میں پہلے بھی خواتین تین سے زائد بچوں کو جنم دے چکی ہیں۔
کسی بھی خاتون کے ہاں بیک وقت چار بچوں کی پیدائش کو انگریزی میں (QUADRUPLETS) بولتے ہیں جب کہ پانچ بچوں کی پیدائش کو (Quintuplets) چھ بچوں کی پیدائش کو (Sextuplets) جب کہ سات بچوں کی پیدائش کو (Septuplets) کہا جاتا ہے۔
عام طور پر چار سے زائد بچوں کی بیک وقت پیدائش کے بعد بعض بچوں کے زندہ بچنے کے امکانات کم ہوجاتے ہیں، تاہم دنیا کے بہت سارے ممالک میں بیک وقت پانچ اور چھ سمیت 8 بچوں کی پیدائش بھی ہو چکی ہے اور تمام بچے اور والدہ صحت مند ہیں۔