سندھ کو واپس لینے کا یوگی ادیتیا کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے، پاکستان

پاکستان نے بھارتی ریاست اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ادیتیا ناتھ کی جانب سے ’سندھ‘ کو واپس لینے کے بیان کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور ہندو توا کی ذہنیت کا تسلسل قرار دیتے ہوئے بیان کی مذمت کی ہے۔

یوگی ادیتیا ناتھ نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب شری رام جنم بھومی کو 500 سال بعد واپس لیا جا سکتا ہے تو کوئی وجہ نہیں ہے کہ ہم "سندھو” کو واپس نہیں لے سکتے۔

ادیتیا ناتھ نے کہا تھا کہ سندھی برادری کو اپنی موجودہ نسل کو اپنی تاریخ کے بارے میں بتانے کی ضرورت ہے، اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ تقسیم کے بعد سندھی برادری کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا۔

بھارت کو سندھ واپس لینا چاہئیے، یوگی ادیتیا ناتھ کی ہرزہ سرائی

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ جب برٹش انڈیا کا بٹوارہ ہوا تو لاکھوں انسانوں کا قتل عام ہوا، ہندوستان کا ایک بڑا علاقہ پاکستان بن گیا۔ سندھی برادری کو سب سے زیادہ نقصان اس لیے اٹھانا پڑا کہ اسے اپنا مادر وطن چھوڑنا پڑا۔ آج بھی ہمیں اس سانحے کا خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے۔

ادیتیا ناتھ کے بیان پر اب پاکستان کی وزارت خارجہ نے رد عمل دیتے ہوئے ان کے بیان کو ہندو توا کی سوچ کا تسلسل قرار دیا ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ یوگی ناتھ کا بیان ان کے ’توسیع پسند‘ ذہن کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد ’انڈیا میں موجود مذہبی اقلیتوں کے ساتھ ساتھ پڑوسی ممالک کے کلچر کو بھی مسخ کرنا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ انتہائی تشویشناک بات ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس سے تعلق رکھنے والے افراد کی طرف سے اس طرح کے خیالات کو تیزی سے پھیلایا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنے نفرت انگیز اور متعصبانہ سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھا سکیں۔

یہاں یہ بات واضح رہے کہ سندھ کبھی کسی بھی دور میں ہندوستان کا حصہ نہیں رہا، سندھ ایک الگ خود مختار وطن اور تہذیب رہا ہے۔

سندھ تاریخی طور پر الگ وطن رہا ہے اور اس کا شمار دنیا کی اولین ریاستوں، تہذیبوں اور جمہوریتوں میں ہوتا ہے، دنیا میں جب ابتدائی ریاستیں اور تہذیبیں وجود میں آئیں تو انڈس ویلی سولائیزیشن بھی ان میں سے ایک تھی۔

انڈس ویلی سولائزیشن موجود سندھ کے علاوہ دیگر علاقوں تک پھیلی ہوئی تھی، تاہم اس کا مرکز سندھ کا تاریخی علاقہ موہن جو دڑو (موئن جو دڑو) تھا، دنیا کی اس اوائلی تہذیب کی سرحدیں حالیہ پاکستان کے صوبے پنجاب، افغانستان اور بھارت کے کچھ علاقوں تک پھیلی ہوئی تھیں۔

انگریز دور سے قبل بھی سندھ خود مختار اور الگ وطن رہا ہے، جس پر مغل بادشاہوں کے علاوہ کلہوڑو، سومرو اور ٹالپر بادشاہوں کی حکومت رہی ہے، عرب دور سے قبل سندھ پر راجا ڈاہر (راجا داہر) کی سربراہی میں بادشاہت قائم تھی۔