جے یو آئی کاخیرپور سے کراچی تک سندھ امن مارچ کرنے کا اعلان
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) سندھ کے جنرل سیکریٹری مولانا راشد محمود سومرو نے اعلان کیا ہے کہ 22 اکتوبر سے 2 نومبر تک سندھ امن مارچ کا انعقاد کیا جائے گا جو خیرپور سے سندھ کے تمام اضلاع سے ہوتا ہوا کراچی پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
حیدرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سندھ امن مارچ سے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن بھی کراچی میں خطاب کریں گے۔
راشد محمود سومرو نے کہا کہ سندھ سے تمام غیر ملکی تارکین وطن کو واپس جانا چاہئیے اور اس کیلئے بلاتفریق کارروائیاں ہونی چاہئیے کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہو۔
راشد محمود سومرو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے 15 سالہ دور حکومت میں سندھ میں لوٹ مار، کرپشن اور اقرباء پروری انتہا کو پہنچ گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک سال میں گندم کی مد میں سندھ میں 77 ارب روپے کی کرپشن سامنے آئی۔ گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے طرز پر ایک الائنس بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے ذریعے سندھ میں متبادل قیادت دی جائے گی۔
رہنما جے یو آئی کا کہنا تھا کہ سندھ میں اپوزیشن کے ووٹ کو منتشر ہونے سے بچانے کیلئے جی ڈی اے، ایم کیوایم اور دیگر قوم پرست جماعتوں سے رابطے کئے ہیں۔
راشد سومرو نے دعویٰ کیا کہ سرکاری اسکولوں میں 60 لاکھ سے زائد بچے تعلیمی عمل سے باہر ہیں، سندھ کے 6 تعلیمی بورڈز میں نویں اور دسویں جماعت کے پرچوں میں ایک سو کروڑ روپے کی کرپشن کی گئی، جبکہ پچھلے ماہ سندھ میں میڈیکل کے داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ کے پرچے 25-25 لاکھ روپے میں فروخت کئے گئے۔