لاڑکانہ کا کرکٹر عامر بروہی پی سی بی کی نظر کا منتظر

عامر بروہی نام کے شمالی سندھ کے ضلع لاڑکانہ کے باصلاحیت باؤلر کی فاسٹ بالنگ کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ سے انہیں قومہ ٹیم میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

عامر بروہی نامی کرکٹر کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے فیاض نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ لاژکانہ سے قابلِ ذکر نوجوان خوبصورت ایکشن اور اچھی پیس والا باؤلر سامنے آیا ہے جو بال کو آسانی سے دونوں جانب سوئنگ کرنے کی قدرت رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ لیکن افسوس کی بات ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ہر سطح پہ اس کی صلاحیت کو نظرانداز کر رہا ہے اور ریجنل کوچز بھی سفارش نہ ہونے کی وجہ سے اسکے بارے میں غافل نظر آتے ہیں۔

صارف نے مزید لکھا کہ یہ افسوسناک ہے کہ بروہی جیسے کھلاڑیوں کو جو بہترین صلاحیتیں رکھتے ہیں صرف چھوٹے یا سندھ کے دیہی علاقے سے تعلق کی وجہ سے پیچھےرہ جائیں ۔

انہوں نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ کبھی کبھار ہی سندھ یا بلوچستان سے کوئی ٹیلنٹ سامنے آتا ہے لیکن ان ہی ناانصافیوں کی وجہ سے وہ بچے دل برداشتہ ہوکر کرکٹ چھوڑ دیتے ہیں کیونکہ اپنے دیہی علاقے کی وجہ سے انہیں اضافی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے پی سی بی چیئرمین کو عامر بروہی کے ٹیلنٹ کی قدر کرنے کی اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ زکا اشرف صاحب کو کچھ ادھر بھی نظر ڈالنی چاھئے سندھ میں کرکٹرز کیلئے حوصلہ افزائی کی کمی نظر آتی ہے۔ تاہم، عامر بروہی جیسے کھلاڑیوں کی قدر کرنا ضروری ہے۔

ان سے اتفاق کرتے ہوئے دیگر ٹوئٹر صارفین نے بھی کرکٹ بورڈ کو عامر بروہی کے ٹیلنٹ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں قومی ٹیم میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔

خیال رہے کہ عامر بروہی کی شاندار کرکٹ کھیلنے کی ویڈیوز پہلی بار 2018 میں سامنے آئیں تھیں، وہ مقامی ٹیمز کے ساتھ ڈویژنل سطح کی لیگز کھیلتے ہیں اور انہیں مسلسل نظر انداز کیے جانے پر لوگوں نے اظہار افسوس بھی کیا۔