سندھ میں پہلی کلاس سے شاہ لطیف کے بیت پڑھا کر صوفیت کا درس دیا جاتا ہے، صنم ماروی

مقبول گلوکارہ صنم ماروی کا کہنا ہے کہ سندھ میں بچوں کو پہلی کلاس کے دوران ہی شاہ عبداللطیف بھٹائی کے بیت اور وائیاں پڑھا کر انہیں صوفیت کا درس دیا جاتا ہے۔

گلوکارہ حال ہی میں دنیا ٹی وی کے کامیڈی شو مذاق رات میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے گلوکاری سمیت دیگر معاملات پر بھی بات کی۔

صنم ماروی نے کہا کہ باقی صوبوں کے لوگوں کے لیے صوفی گائیکی اور صوفیت مشکل ہوسکتی ہے، سندھ کے لوگوں کے لیے نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں بچوں کو اسکول کے پہلے ہی درجے میں شاہ عبدالطیف بھٹائی کے بیت پڑھائے جاتے ہیں، جن میں صوفیت کا ذکر ہے اور پھر استاد ان بیتوں کی تشریح کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ صوفیا اور بزرگوں کی دھرتی ہے، جہاں ہر کوئی صوفیت سے واقف ہے۔

صنم ماروی نے بتایا کہ وہ 15 سال قبل سندھ سے پنجاب منتقل ہوئی تھیں، ان کا اصل تعلق حیدرآباد سے ہے جو محبت کرنے والوں کا شہر ہے۔

صنم ماروی نے محبت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں ایک ہی محبت ہونی چاہئیے اور ایک ہی محبت ہوتی ہے، وہ محبت ہی کیا جو بدل جائے۔