ایس آئی یو ٹی ہوٹل ریجنٹ پلازہ کو اسپتال میں تبدیل کرنے کا خواہاں
سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹ (ایس آئی یو ٹی) نے دارالحکومت کراچی کی مرکزی شاہراہ پر واقع ریجنٹ پلازہ ہوٹل کو اسپتال میں بدلنے کے لیے ساڑھے 14 ارب روپے کی پیشکش کر دی۔
اس وقت ایس آئی یو ٹی سول اسپتال کے قریب واقع ہے جب کہ اس کے آؤ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی) اور ایمرجنسی کے وارڈ سول اسپتال کی عمارت میں ہی موجود ہیں لیکن ادارے کے وارڈز الگ بنے ہوئے ہیں۔
ایس آئی یو ٹی کو چالیس سال قبل ڈاکٹر ادیب رضوی نے حکومت سندھ کے تعاون سے سول اسپتال میں شروع کیا تھا اور اب یہ ادارہ گردوں کی بیماریوں کا ملک کا سب سے بڑا اور جنوبی ایشیائی ممالک کا اہم ترین صحت کا ادارہ بن چکا ہے۔
ایس آئی یو ٹی ہر سال سندھ کے علاوہ دیگر صوبوں کے لاکھوں مریضوں کا بھی مفت علاج کرتا ہے اور اسے حکومت سندھ کی معاونت حاصل ہے، تاہم ادارے کو زکوات اور امداد بھی ملتی ہے۔
ایس آئی یو ٹی کی جانب سے سول اسپتال کے علاوہ دارالحکومت کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی اسپتال بنائے جا چکے ہیں جب کہ صوبے کے دیگر شہروں میں بھی اس کے چھوٹے اسپتال بن چکے ہیں۔
لیکن اب ایس آئی یو ٹی کراچی کے مرکزی علاقے صدر کے قریب جناح اسپتال کے ساتھ واقع ریجنٹ پلازہ ہوٹل کی عمارت کو خرید کر اسے اسپتال میں تبدیل کرنے کا پروگرام رکھتا ہے اور ایس آئی یو ٹی نے ہوٹل کی خریداری کے لیے ساڑھے 14 ارب روپے کی پیش کش کردی۔
انگریزی اخبار ڈان کے مطابق ایس آئی یو ٹی نے ریجنٹ پلازہ کی بولی اس کی اصل قیمت سے کچھ زیادہ لگائی ہے، تاہم فوری طور پر یہ فیصلہ نہیں ہوسکا کہ ہوٹل کو فروخت کیا جائے گا یا نہیں۔
ہوٹل کو چلانے والی کمپنی نے اپنے سرمایہ کاروں کو آگاہ کیا ہے کہ ہوٹل کی قیمت لگائی گئی ہے اور اسے ایس آئی یو ٹی بظاہر اسپتال میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔
خیال رہے کہ ریجنٹ پلازہ ہوٹل اینڈ کنونشن سینٹر‘ مرکزی شاہراہ فیصل پر 13 ہزار 200 مربع گز کے رقبے پر واقع ہے، اس کثیر المنزلہ عمارت کا کل احاطہ شدہ رقبہ 47 ہزار 34 مربع گز ہے۔
ہوٹل میں 400 کمرے ہیں جب کہ عمارت میں بڑے ہالز بھی موجود ہیں، یہ ہوٹل جناح اسپتال، کارڈیو اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چلڈرن ہیلتھ (این آئی سی ایچ) کے ساتھ ہے اور اس کے ارد گرد پاک فوج کے دفاتر موجود ہیں۔