کشمور میں مبینہ ریپ کی شکار لڑکی کے حاملہ ہونے کا انکشاف

شمالی سندھ کے ضلع کشمور ایٹ کندھ کوٹ میں مسلسل مبینہ ریپ کی شکار بننے والی 15 سالہ لڑکی کے حاملہ ہونے کا انکشاف سامنے آنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی۔

سندھی ٹی وی چینل دھرتی ٹی وی کے مطابق کشمور میں لحاق سولنگی اپنی اہلیہ اور ریپ کا شکار بننے والی کم سن بچی کے ہمراہ پولیس تھانے پہنچا، جہاں انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ برادری کا ہی ایک شخص بیٹی کو مسلسل چار ماہ تک ریپ کا نشانہ بناتا رہا۔

بچی کی والدہ اور والد نے دعویٰ کیا کہ پلیو سولنگی نامی شخص ان کی بیٹی کو زبردستی چار ماہ تک ریپ کا نشانہ بناتا رہا، جس باعث 15 سالہ بچی حاملہ ہوگئیں۔

والدین اپنی متاثرہ بچی کو بھی سامنے لائے تھے، جسے حمل سے دیکھا جا سکتا تھا۔

دوسری جانب پولیس نے بھی بچی کے 4 ماہ کے حاملہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔

فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ بچی کے ورثا 4 ماہ تک کیوں پولیس کے پاس نہیں آئے اور انہوں نے اپنی بیٹی کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر پہلے احتجاج کیوں نہیں کیا؟