فلسطین جاکرجہاد کی اجازت مانگنے والا سندھ پولیس کا انسپکٹر فیاض جانوری معطل
انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس رفعت مختار راجا نے فلسطین جاکر جہاد کرنے کی اجازت مانگنے والے سندھ پولیس کے انسپکٹر فیاض جانوری کو معطل کردیا۔
فیاض جانوری نے فلسطین جاکر جہاد میں حصہ لینے کے لیے آفیشل اجازت طلب کی تھی اورانہوں نے سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) دفتر کے لیٹر پیڈ پر آئی جی سندھ کو خط لکھا تھا۔
انہوں نے اپنے خط میں مقدس کتاب قرآن پاک کی جہاد سے متعلق آیات کریمہ کا حوالہ دیتے ہوئے فلسطین جاکر جہاد کرنے کی اجازت طلب کی تھی اور ساتھ ہی اپنی تنخواہ کا 10 فیصد فلاحی تنظیم کو دینے کا کہا تھا تاکہ وہ تنظیم فلسطینیوں کی مدد کر سکے۔
سندھ پولیس کے انسپکٹر فیاض جانوری نے فلسطین جاکر جہاد کرنے کی چھٹی مانگ لی
مذکورہ خط سامنے آنے کے بعد آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر انسپکٹر فیاض جانوری کو معطل کرتے ہوئے انہیں رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا۔
خیال رہے کہ فلسطین میں اسرائیل کی بہیمانہ کارروائیاں جاری ہیں جس میں ایک ہفتے کے دوران بچوں سمیت تین ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہی۔
فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوں کی وجہ سے دنیا بھر کے مسلمان ممالک میں غم و غصہ پایا جاتا ہے اور سندھ سمیت پاکستان بھر میں بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرے جاری ہیں۔
سندھ بھر میں بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرے اور ریلیاں جاری ہیں اور فلسطینی عوام کی مدد کے لیے فلاحی تنظیمیں چندہ جمع کرنے میں بھی مصروف ہیں۔
پولیس انسپکٹر کی جانب سے فلسطین جاکر جہاد کرنے کی اجازت طلب کرنے سے قبل گزشتہ ہفتے سندھ پولیس کی ایک خاتون اہلکار کی جانب سے مبینہ طور پر اسرائیل کے حق میں بنائی گئی ٹک ٹاک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی۔
سندھ پولیس کی خاتون اہلکار کی اسرائیل کے حق میں بنائی گئی ٹک ٹاک ویڈیو وائرل