کرکٹ لیگ کے لیے لاڑکانہ کی ٹیم خریدوں گا، فہد مصطفیٰ
لیجنڈ سندھی اور اردو ڈراموں کے اداکار صلاح الدین تنیو کے صاحبزادے، اداکار، ٹی وی میزبان اور پروڈیوسر فہد مصطفیٰ نے کہا ہے کہ وہ مستقبل میں کرکٹ لیگ کے لیے لاڑکانہ کی ٹیم خریدیں گے۔
فہد مصطفیٰ کے والد صلاح الدین تنیو سندھی ڈراموں کے لیجنڈ اداکار ہیں جو ماضی کے ضلع لاڑکانہ اور حالیہ ضلع قمبر ایٹ شہدادکوٹ کے چھوٹے سے گاؤں میں پیدا ہوئے تھے۔
صلاح الدین تنیو نے 150 سے زائد ڈراموں میں اداکاری کی، جس کے عوض انہیں متعدد ایوارڈز بھی ملے جب کہ انہوں نے درجنوں ڈراموں کو پروڈیوس بھی کر رکھا ہے۔
ان کے بیٹے فہد مصطفیٰ بھی ٹی وی اور فلموں کے معروف اداکار ہیں جب کہ وہ بھی ڈراموں اور فلموں کو پروڈیوس کرتے ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔
ان کے مطابق چوں کہ ان کے والد سندھی ڈراموں کے اداکار تھے، اس وجہ سے انہیں اردو ڈراموں کے زیادہ تر ہدایت کار اور پروڈیوسر نہیں جانتے تھے اور انہیں ابتدائی طور پر نظر انداز بھی کیا گیا۔
فہد مصطفیٰ نے ایک واقعہ بتایا کہ جب انہوں نے اداکاری شروع نہیں کی تھی اور والد کے ہمراہ اسسٹنٹ پروڈیوسر کے طور پر کام کر رہے تھے تب دارالحکومت کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں اداکاروں کا میچ تھا اور انہیں بھی میچ دیکھنے کا شوق تھا لیکن انہیں اور ان کے والد کو سندھی زبان کے اداکار ہونے کی وجہ سے دعوت نہیں دی گئی، یہاں تک کہ وہ میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم گئے لیکن انہیں ایک اداکار نے دیکھنے کے باوجود نہیں پہچانا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے والد کیمسٹری کے لیکچرر بھی رہے ہیں جب کہ محکمہ صحت میں ڈرگ انسپکٹر بھی رہے اور ساتھ ہی اداکاری بھی کرتے رہے۔
ان کے مطابق ان کے والد کو جتنے ایوارڈز ملے ہیں، انہیں ان کے نصف بھی نہیں ملے۔
کرکٹ سے متعلق اپنے شوق پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اداکار نہ ہوتے تو اوپنر کرکٹر بنتے۔
اسی دوران انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں سندھ کے ایک شہر کے نام کی کرکٹ ٹیم خریدیں گے۔
فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لیے لاڑکانہ کی ٹیم خریدیں گے۔