میئر کراچی بننے کے بعد مرتضیٰ وہاب یوسی چیئرمین کا انتخاب بلامقابلہ جیت گئے

میئر کراچی اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما مرتضیٰ وہاب کراچی کے ابراہیم حیدری ٹاؤن کی یونین کونسل سے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب رواں سال میئر کے الیکشن میں براہ راست میئر منتخب ہوگئے تھے لہٰذا ان کے لیے 6 ماہ کی مدت کے اندر لازم تھا کہ وہ یونین کونسل کا الیکشن لڑتے۔

واضح رہے کہ رواں سال 15 جون کو آرٹس کونسل آف پاکستان میں ہونے والے میئر کراچی کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امید وار مرتضیٰ وہاب 173 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے تھے اور انہوں نے جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمٰن کو شکست دی تھی جو 160 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

مرتضی وہاب کو میئر منتخب کرانے کے لیے پیپلز پارٹی نے بلدیاتی قانون میں ترمیم بھی کی تھی۔

اب وہ بلامقابلہ یوسی کا انتخاب جیت گئے۔

اسسٹنٹ کمشنر ابراہیم حیدری کے دفتر سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب ابراہیم حیدری ٹاؤن کی یوسی نمبر 8 سے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔