سندھ پریمیئر لیگ کیا ہے اور یہ سندھ کو کیسے فائدہ دے گی؟

سندھ میں کرکٹ کے کروڑوں شائقین موجود ہیں اور صوبے بھر میں انتہائی شاندار کرکٹرز بھی موجود ہیں لیکن انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے عام طور پر نظر انداز کیا جاتا ہے۔

صوبے کے کرکٹرز کو مواقع فراہم کرنے کے لیے سندھ حکومت کے تعاون سے عارف ملک نامی صنعت کار نے مارچ 2022 کو سندھ پریمیئر لیگ (ایس پی ایل) کو متعارف کرایا تھا۔

ایس پی ایل کو اس وقت کے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے متعارف کرایا تھا، اس سے قبل صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے 2022 میں سندھ پریمیئر لیگ کو متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔

ایس پی ایل کو متعارف کرائے جانے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ستمبر 2023 میں اسے نان آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کیا تھا۔

پی سی بی جانب سے این او سی ملنے کے بعد ستمبر کے اختتام پر ہی ایس پی ایل نے کھلاڑیوں کی خریداری کرلی تھی اور اب سندھ پریمیئر لیگ کا پہلا ایونٹ نومبر اور دسمبر میں دارالحکومت کراچی میں کھیلا جائے گا۔

ایس پی ایل میں کتنی ٹیمیں ہوں گی؟

سندھ پریمیئر لیگ میں صوبے کے ڈویژن ہیڈ کوارٹرز پر مشتمل چھ ٹیمیں ہوں گی، ان میں کراچی غازیز، حیدرآباد بہادرز، بینظیر آباد لالز، سکھر پیٹریاٹس، میرپور خاص ٹائیگرز اور لاڑکانہ چیلنجرز شامل ہیں۔

مذکورہ چھ ٹیموں کے درمیان ایک ماہ تک کراچی میں میچز ہوتے رہیں گے اور ایس پی ایل کے لیے سابق کرکٹرز شاہد آفریدی، جاوید میاں داد اور عبدالرزاق سمیت دیگر کھلاڑیوں کی خدمات لی جا چکی ہیں۔

ایس پی ایل کی تمام چھ ٹیموں میں پاکستان کے تمام صوبوں اور شہروں سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز بھی کھیلیں گے، تاہم ہر ٹیم میں سندھ کے نئے کرکٹرز کو لازمی طور پر شامل کیا جائے گا۔

ٹیموں میں سندھ کے کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے سندھ امرجنگ اور امرجنگ کے نام سے الگ کیٹیگریز بنائی گئی ہیں، جن کے تحت کم از کم پانچ نئے کھلاڑیوں کو ہر ٹیم شامل کرے گی۔

ہر ٹیم میں گولڈن، سلور، پلاٹینیم، ڈائمنڈ، امرجنگ اور سندھ امرجنگ کی کیٹیگریز کے تحت کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گا جب کہ ہر ٹیم میں ایک آئیکون اور ایک برانڈ ایمبیسیڈر بھی ہوگا۔

ان تمام کھلاڑیوں کو ان کی کیٹیگریز کی مناسب سے معاوضہ فراہم کیا جائے گا، سب سے زیادہ معاوضہ پلاٹینیم کیٹیگری کے کھلاڑی کو دیا جائے گا اور اس میں ہر ٹیم نے دو اہم کھلاڑیوں کو منتخب کر رکھا ہے۔

سندھ پریمیئر لیگ میں دیہی علاقوں کو فائدہ ملے گا؟

ایس پی ایل کے انتخاب پر سندھ بھر کے لوگ صرف یہی سوال کرتے دکھائی دے رہے ہیں کہ کیا مذکورہ کرکٹ لیگ سے سندھ کے حقیقی ٹیلنٹ کو موقع ملے گا؟

ساتھ ہی یہ سوال بھی کیا جا رہا ہے کہ سندھ پریمیئر لیگ میں دیہات کے ٹیلنٹ کو مواقع ملیں گے یا نہیں؟ یا پھر ایس پی ایل بھی سفارشات اور اقربا پروری کی نظر ہوجائے گا؟

فی الحال ایس پی ایل کا پہلا سیزن ہو رہا ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ ہر سیزن میں سندھ بھر سے کچھ نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے لیکن یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ ایس پی ایل کے تحت سامنے آنے والے کرکٹرز پاکستان کی قومی ٹیم یا پاکستان سپر لیگ میں جگہ بنا پائیں گے یا نہیں؟