سندھ حکومت کا سیلاب فنڈ کی مد میں کاٹی گئی تنخواہیں ملازمین کو واپس دینے کا فیصلہ

عدالتی فیصلے کے بعد سندھ حکومت نے سرکاری ملازمین کو 2022 سیلاب فنڈ کٹوتی کی گئی تنخواہیں واپس کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال اگست میں حکومت سندھ نے سیلاب متاثرین کیلئے ”سندھ فلڈ ریلیف فنڈ” قائم کیا تھا ۔

سندھ حکومت نے گریڈ 1تا 22 کے سرکاری ملازمین کی تنخواہ ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان کیاتھا۔

اس وقت کے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعلان کیا تھا کہ وزرا، ارکان اسمبلی، مشیران اور وہ خود ایک ماہ کی تنخواہ ریلیف فنڈ میں دیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ سندھ حکومت کے گریڈ 17 سے 22 تک کے افسران 5 دن جبکہ گریڈ 1 سے 16 تک کے افسران 2 دن کی تنخواہ ریلیف فنڈ میں دیں گے۔

سندھ ریلیف فنڈ کے لیے تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اگست 2022 میں کٹوتی کی گئی تھی۔

اب تمام سرکاری ملازمین کی اگست 2022 میں کٹوتی کی گئی تنخواہیں واپس کرنے کے حوالے سے محکمہ خزانہ سندھ نے متعلقہ اداروں کو خط ارسال کردیا۔

خط سیکشن افسر ایس آر ون کی جانب سے جاری کیا گیا ،خط اکاﺅنٹنٹ جنرل سندھ اور تمام ضلعی مالیاتی افسران کو بھیجا گیا۔

خط میں عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، عدالت نے سرکاری ملازمین کی ریلیف فنڈ میں کٹوتی کی گئی تنخواہیں واپس کرنے کی ہدایت کی تھی۔