کائنات تھیبو کی فلم ’وائرل‘ عالمی فیسٹیول کے لیے منتخب

سندھ کی نوجوان فلم ساز کائنات تھیبو کی ابھرتے ہوئے بھارتی اور پاکستانی فلم سازوں کے ساتھ بنائی گئی مختصر فلم ’وائرل‘ عالمی فلم فیسٹیول میں پیش کی جائے گی۔

کائنات تھیبو ابھرتی ہوئی فلم ساز ہیں، جنہوں نے متعدد دستاویزی اور فیچر فلمیں تیار کی ہیں اور اب ان کی جانب سے امریکی سفارت خانے کے تعاون سے بنائی گئی فلم ’وائرل‘ کو بھارتی فلم فیسٹیول کے لیے منتخب کرلیا گیا۔

کائنات تھیبو نے اپنی فیس بک پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ ان کی فلم ’وائرل‘ کو بھارتی ریاست کیرالہ میں ہونے والے عالمی دستاویزی اور مختصر فلم فیسٹیول کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ان کی فلم کیرالہ میں ہونے والے فلم فیسٹیول ’انٹرنیشنل ڈاکیومینٹری اینڈ شارٹ فلم فیسٹیول آف کیرالہ‘ (آئی ڈی ایس ایف ایف کے‘ (The International Documentary and Short Film Festival of Kerala) کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

کائنات تھیبو نے اس سے قبل کی گئی ایک پوسٹ میں اپنی فلم سے متعلق بتایا تھا کہ ان کی فلم ’وائرل‘ تین بھارتی اور تین پاکستانی فلم سازوں کی جانب سے مشترکہ طور پر بنائی گئی ہے۔

ان کی فلم ’وائرل‘ امریکی سفارت خانے اور امریکی فلاحی تنظیم ’سیڈس آف پیس) کے منصوبے ’کتنے دور، کتنے پاس‘ کے تحت بنائی جا رہی ہے۔

’کتنے دور، کتنے پاس‘ منصوبے کے تحت امریکی سفارت خانے اور تنظیم نے پاکستان اور بھارت کے 42 فلم سازوں کو منتخب کرکے انہیں مختلف موضوعات پر فلمیں بنانے کے لیے فنڈز فراہم کیے تھے۔

کائنات تھیبو مذکورہ منصوبے کا حصہ بننے والی ابھرتی ہوئی نوجوان سندھی فلم ساز ہیں، جنہوں نے ’وائرل‘ نامی فلم کو دیگر پانچ پاکستانی اور بھارتی نوجوان فلم سازوں کے ساتھ تیار کیا، جسے اب کیرالہ فلم فیسٹیول میں پیش کیا جائے گا۔

’وائرل‘ کی کہانی کراچی میں انڈے فروخت کرنے والے ایک نوجوان کے گرد گھومتی ہے، جسے سوشل میڈیا استعمال کرنے اور وہاں پر ویڈیوز بنانے کا بڑا شوق ہوتا ہے اور اس کا آبائی تعلق بھارتی شہر ممبئی سے ہوتا ہے، جہاں وہ اپنی ویڈیوز کی وجہ سے سپر اسٹار بن جاتا ہے۔

نوجوان سندھی فلم ساز کی مختصر فکشن فلم کے بھارتی فیسٹیول کے انتخاب پر لوگوں نے انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے کائنات تھیبو کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔