سندھی صحافت اور ڈیجیٹل دور کے عنوان سے آئی بی اے سکھر میں سیمینار

سکھر کی انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) یونیورسٹی کی جانب سے "پرنٹ ٹو پکسلز: سندھی جرنلزم ایمبریسینگ دی ڈیجیٹل ایج” کے عنوان سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینیئر صحافی، ٹرینر، استاد اور اینکر نثار کھوکھر نے صحافت کے طالب علموں کو مفید ٹپس فراہم کیں۔

آئی بی اے کے میڈیا اینڈ ماس کمیونی کیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے منعقد کردہ ایک روزہ سیمینار میں صحافت کے اساتذہ اور طلبہ سمیت یونیورسٹی کے دیگر طلبہ و اساتذہ نے بھی شرکت کی۔

ایک روزہ سیمینار میں خصوصی طور پر سندھی میڈیا میں بدلتے رجحانات پر بحث کی جب کہ اس بات کا بھی جائزہ لیا گیا کہ ڈیجیٹل دور میں سندھی میڈیا اس وقت کہاں کھڑا ہے؟

سیمینار میں نثار کھوکھر نے اپنے تجربات سے سندھی اور پاکستان کی قومی میڈیا سمیت مقامی میڈیا کا عالمی میڈیا سے موازنہ بھی کیا اور طلبہ کو مثالوں سے یہ باتیں سمجھانے کی کوشش کی کہ سندھی میڈیا دیگر میڈیا سے کس طرح مختلف ہے؟

سیمینار میڈیا اور ماس کمیونی کیشن کے طلبہ کے لیے معلوماتی اور منفرد ثابت ہوا، اس میں سندھی میڈیا کے مجموعی کردار، اس کی جانب سے رپورٹنگ اور کہانیوں کے پیش کرنے کے طریقہ کار اور ڈیجیٹل دور میں صحافت کو لاحق خطرات اور چیلنجز پر بھی حاصل سیر گفتگو کی گئی۔

سیمینار میں اس بات پر بھی بحث ہوئی کہ ڈیجیٹل میڈیا یا سٹیزن جرنلزم کے روایتی میڈیا ہاؤسز پر کیا اثرات مرتب ہوئے ہیں اور روایتی میڈیا اس وقت کن چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔

سیمینار میں ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر محمد رمضان پہنور نے اختتام پر نثار کھوکھر کو شیلڈ پیش کی جب کہ دیگر اساتذہ اور طلبہ نے بھی ٹرینر کی خدمات کا اعتراف کیا۔