سندھ حکومت غیر ملکیوں کو اپنے ملک بھجوانے پر بھی 5 ارب خرچ کرے گی

سندھ کابینا نے صوبے سے غیر قانونی غیر ملکی افراد کی وطن واپسی کے لیے ساڑھے 4 ارب روپے کی خطیر رقم جاری کرنے کی منظوری دیدی، مذکورہ بجٹ پولیس اور انتظامیہ غیر ملکیوں کو صوبہ بدر کرنے پر خرچ کرے گی۔

سندھ کابینا کا اجلاس نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس مقبول باقر کی زیر صدارت ہوا، جس میں نگران صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

کابینہ کو بتایا گیا کہ کراچی، حیدرآباد، سکھر، شہید بینظیر آباد، میرپورخاص اور لاڑکانہ ڈویژن سے وطن واپسی کیلئے ساڑھے چار ارب روپے درکار ہیں۔

کابینہ نے غور و خوض کے بعد بجٹ میں مختص رقم کے علاوہ فنڈز کی منظوری دی۔
دوسری جانب غیر قانونی غیر ملکیوں کو سندھ سے نکل جانے کی مہلت ختم ہونے کے بعد انتظامیہ اور پولیس حرکت میں آگئی، علاوہ ازیں غیر قانونی تارکین وطن، خصوصی طور پر افغانیوں کے انخلا میں بھی تیزی دیکھی گئی۔

حکومت پاکستان کے مطابق 31 اکتوبر تک سندھ سمیت ملک بھر سے محض سوا لاکھ غیر قانونی افغانی وطن واپس چلے گئے تھے۔

حکومت پاکستان نے تمام غیر ملکیوں کو یکم نومبر تک ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا، دوسری صورت میں ان کےخلاف قانونی کارروائی کرکے انہیں ملک بدر کیے جانے کا انتباہ جاری کیا گیا تھا۔

سندھ سمیت پاکستان بھر میں اس وقت صرف 18 لاکھ غیر قانونی افغان موجود ہیں جب کہ دیگر ممالک کے غیر قانونی افراد کی تعداد بھی 5 لاکھ تک بتائی جاتی ہے۔