سندھ بھرمیں غیر قانونی غیر ملکیوں کے خلاف کارروائیاں سست روی کا شکار

ریاست پاکستان اور سندھ حکومت کی جانب سے غیر قانونی غیر ملکیوں کو وطن واپس جانے کی دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعد اگرچہ صوبے بھر میں ان کے خلاف کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں لیکن سندھ میں کارروائیوں میں سستی روی دیکھی جا رہی ہے۔

سندھ میٹرز کو صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز سے موصول شدہ معلومات کے مطابق سندھ پولیس غیر قانونی غیر ملکیوں اور خصوصی طور پر افغانیوں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہے لیکن یہ کارروائیاں سست روی کا شکار ہیں اور پولیس و انتظامیہ کی خواہش ہے کہ تمام افغانی باعزت طریقے سے خود ہی چلے جائیں۔

دارالحکومت کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، بینظیر آباد اور میرپورخاص ڈویژن سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں بھی غیر قانونی افغانیوں کے خلاف کارروائیاں سست روی سے جاری ہیں اور یومیہ 50 سے 100 کے قریب غیر قانونی افراد کو گرفتار کرکے ہولڈنگ سینٹرز منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں سے انہیں بلوچستان کے راستے واپس افغانستان بھیجا جا رہا ہے۔

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق یکم اکتوبر سے اب تک سندھ سمیت ملک بھر سے ایک لاکھ 75 ہزار کے قریب افغانی واپس وطن جا چکے ہیں۔