سندھ سمیت پاکستان بھر میں 8 فروری 2024 کو انتخابات ہوں گے

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8فروری2024 کوعام انتخابات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ملک بھر میں ایک ہی روز ہوں گے۔

جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان صدر مملکت سے مشاورت کے بعد آئینی اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے 8 فروری 2024 کو ملک میں قومی اسمبلی، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات کے لیے پولنگ کی تاریخ کے طور پر اعلان کرتا ہے۔

سپریم کورٹ میں ملک میں عام انتخابات 90 روز میں کرانے کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس اطہر من اللّٰہ اور جسٹس امین الدین خان پر مشتمل تین رکنی بینچ نے سماعت کی، عدالت نے الیکشن کمیشن اور صدر مملکت کو عام انتخابات کا اعلان کرنے کی ہدایت کی تھی، جس پر الیکشن کمیشن نے نوٹی فکیشن جاری کیا۔
سپریم کورٹ میں پیش کیے گئے نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان الیکشنز ایکٹ کے آرٹیکل 57 (1) اور اس سلسلے میں اسے بااختیار بنانے والی دیگر تمام دفعات کے تحت 8 فروری 2024 کو عام انتخابات کے لیے پولنگ کی تاریخ کا اعلان کرتا ہے۔

عدالت عظمیٰ نے کہا کہ تمام ضروریات پوری ہونے کے بعد الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول کا اعلان کرے، انتخابات کا معاملہ تمام فریقین کی رضامندی سے حل ہو چکا ہے، عوام کو منتخب نمائندوں سے دور نہیں رکھا جاسکتا، امید کرتے ہیں ہر ادارہ پختگی اور سمجھ کے ساتھ چلے گا۔