شوہر کی تنخواہ لینے جانے والی کوٹڑی کی خاتون سے مبینہ ریپ
کوٹڑی پولیس نے عدالتی حکم پر حیدرآباد کی نجی فیکٹری سے شوہر کی تنخواہ لینے جانے والی کوٹڑی کی رہائشی خاتون سے مبینہ ریپ کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) دائر کردی۔
کوٹڑی تھانے میں جامشورو کے جڈیشل میجسٹریٹ کے حکم پر دائر کردہ ایف ائی آر میں متاثرہ خاتون حنا نے الزام عائد کیا کہ ملزمان نے اغوا کے بعد ریپ کا نشانہ بنانے کے بعد چھوڑ دیا۔
خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ان کے شوہر حیدرآباد کی فیکٹری میں ملازمت کرتے ہیں، جہاں سے وہ ان کی تنخواہ لینے گئی تھیں، کیوں کہ ان کے شوہر کراچی میں کسی مقدمے میں گرفتار ہیں۔
ان کے مطابق جب وہ فیکٹری پہنچیں تو انہیں انتظامیہ نے بتایاکہ ان کے شوہر کی کوئی تنخواہ نہیں ہے اور انہیں دھکے دے کر نکال دیا گیا، بعد ازاں عمر دراز نامی شخص نے انہیں ان کے فون نمبر پر کال کرکے شوہر کی تنخواہ لے جانے کا کہا اور مزکورہ شخص نے انہیں دوسرے مقام پر بلایا، جہاں وہ پہنچیں تو ملزم نے انہیں زبردستی کار میں بٹھایا اور انہیں اغوا کرکے لے گئے۔
پنھنجی اخبار نے بتایاکہ خاتون کے مطابق ملزم عمر دراز انہیں نامعلوم مقام پر لے گئے، جہاں ملزم نے ان کا ریپ کیا اور وہ دوران ریپ مزاحمت بھی کرتی رہیں، بعد ازاں ملزم ساتھیوں سمیت انہیں کار پر کوٹڑی کے قریب پھینک کر فرار ہوگیا۔
خاتون نے بتایا کہ ان کے ساتھ مذکورہ واقعہ 19 اکتوبر کو پیش آیا، جس کی درخواست انہوں نے جڈیشل میجسٹریٹ جامشورو میں دی اور عدالتی حکم پر پولیس نے مقدمہ دائر کیا۔
پولیس کے مطابق خاتون کی فریاد پر عدالتی احکامات پر مقدمہ دائر کرکے تفتیش شروع کردی گئی، تاہم فوری طور پر کوئی بھی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔