سندھ اور نیویارک کو سسٹر اسٹیٹس قرار دیے جانے کا امکان
امریکی ریاست نیویارک اور سندھ کو ’سسٹر اسٹیٹ‘ قرار دیے جانے کے حوالے سے نگران وزیر اعلیٰ سندھ اور نیویارک اسٹیٹ کے ڈپٹی اسپیکر فلپ راموس Philip Ramos کے درمیان ملاقات ہوئی۔
سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس(ر) مقبول باقر سے نیویارک اسٹیٹ کے ڈپٹی اسپیکر فلپ راموس Philip Ramos نے اپنے وفد کے ہمراہ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔
نیویارک اسٹیٹ کے وفد میں چیف آف اسٹاف نیویارک اسمبلی کرسچن میکیریو، ڈپٹی اسپیکر کے مشیر ایتھر ٹرمزی، چیئرمین امریکن پاکستانی پبلک افیرئس کمیٹی (اے پی پی اے سی) ڈاکٹر اعجاز احمد، صدر اے پی پی اے سی امتیاز راہی، وائس چیئرمین ڈاکٹر طارق ابراہیم اور دیگر شریک تھے۔
جب کہ سندھ کے وفد میں وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ چیف سیکریٹری ڈاکٹر فخر عالم، وزیر صحت سعد نیاز، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، سیکریٹری صحت ڈاکٹر منصور اور کمشنر کراچی سلیم راجپوت سمیت دیگر شریک تھے۔
وفود کے درمیان ملاقات میں نگران وزیراعلیٰ سندھ اور نیویارک اسٹیٹ کے ڈپٹی اسپیکر کی سربراہی میں سندھ اور نیو یارک کو سسٹر اسٹیٹ یا سٹی قرار دینے پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سسٹر اسٹیٹ یا سٹی ڈکلیئر ہونے سے سندھ اور نیویارک کے مختلف سیکٹرز کے لوگوں کا آپس میں رابطہ قائم ہوگا؛ سندھ اور نیو یارک کے ماہر ین کو مختلف شعبوں میں مل کر کام کرنے کے مواقع ملیں گے۔
نگران وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سسٹر سٹی ڈکلیئر ہونے سے ہمارے ڈاکٹرز اور نرسسز کو نیویارک میں تربیت حاصل کرنے کا موقع ملے گا؛ سندھ کے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے ڈاکٹرز، تعلیم دان و تاجروں کو نیویارک کے اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے مواقع میسر ہوں گے۔
ملاقات کے دوران نگران وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ امریکن پاکستانی کمیٹی پاکستانی اور خصوصی طور پر سندھ کے طلبہ کو امریکا میں تعلیم کے حصول کے لیے اسکالر شپ دینے پر کام کررہی ہے۔
اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ نیویارک ریاست کے ساتھ سسٹر اسٹیٹ یا سٹی کا ایم او یو سائن کرنے کے حوالے سے تمام ضروری کاغذی کارروائی جلد مکمل کی جائے۔
خیال رہے کہ سسٹر اسٹیٹ یا سٹیز کا مقصد ایک شہر کو پڑوسی شہر کے ساتھ معاشرتی، معاشی اور اقتصادی سمیت دیگر سطح پرروابط کو مضبوط اور مربوط کرنا ہوتا ہے۔
سسٹر سٹیز یا سسٹر اسٹیٹس قصبوں، شہروں، کاؤنٹیوں، صوبوں، علاقوں، ریاستوں اور یہاں تک کہ ممالک کے درمیان جغرافیائی اور سیاسی طور پر مختلف علاقوں میں ثقافتی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے لیے قانونی یا سماجی معاہدے کی ایک شکل ہوتی ہے۔