نوشہروفیروز ضلع میں اسکول فرنیچر کی مد میں 75 کروڑ روپے کی کرپشن کا انکشاف
وسطی سندھ کے ضلع نوشہروفیروز کے پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں کو فرنیچر فراہم کرنے کے منصوبوں میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے، جس کے تحت ٹھیکیدار اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) نے ملی بھگت کرکے 75 کروڑ روپے ہڑپ کرلیے۔
ضلع نوشہروفیروز میں موجود موجود پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں کو مختلف اقسام کا فرنیچر فراہم کرنے کے لیے سابق منتخب پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی حکومت نے ٹھیکیدر سلیم مغل کو ٹھیکہ دیا تھا، جنہوں نے ضلع کے پانچ ہزار اسکولوں کو نیا فرنیچر فراہم کرنا تھا۔
تاہم ٹھیکیدار نے ڈی ای او نوشہروفیروز کی ملی بھگت سے پانچ کے بجائے دو ہزار اسکولوں کو غیر معیاری اور استعمال شدہ فرنیچر فراہم کیا اور مبینہ طور پر دونوں افراد نے منصوبے میں 75 کروڑ روپے کی کرپشن کی۔
روزنامہ سندھ ایکسپریس کے مطابق ضلع بھر کے اسکولوں کو فرنیچر فراہم نہ کرنے کے معاملے پر مختلف دیہات کے افراد، سماجی رہنماؤں اور تعلیم دانوں نے ٹھیکیدار اور ڈی ای او کے خلاف نوشہروفیروز میں مظاہرہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اسکولوں کے فرنیچر کے منصوبے میں 75 کروڑ روپے کی کرپشن کی گئی۔