سندھی ٹی وی چینل آواز کو بااثر سیاست دان نے خرید لیا

اطلاعات ہیں کہ معروف سندھی ٹی وی چینل آواز ٹی وی کو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے بااثر سیاست دان اور سابق صوبائی وزیر کے خاندان نے خرید لیا اور اس حوالے سے اگرچہ آواز ٹی وی کی نشریات میں بھی چینل کی دوبارہ لائونچنگ کا اعلان کیا گیا، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ چینل کی دوبارہ لائونچنگ کیوں کی گئی اور اب کس نے چینل کو خریدا۔

آواز ٹی وی کو 2009 میں شہزاد علی، امتیاز جاوید، سید عنایت اللہ اور شاہنواز امیر نے شروع کیا تھا اور پاکستان الیکٹرانک میڈٰیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) میں مذکورہ شخصیات کے نام پر ہی چینل کی رجسٹریشن کرائی گئی تھی۔

چینل کو متعارف کرائے جانے کے تقریبا 14 سال بعد اب اسے فروخت کردیا گیا اور آواز ٹی وی سے منسلک ملازمین کے مطابق چینل کے انتظامات نئے مالکان نے سنبھال لیے ہیں۔

فوری طور پر سیاسی وجوہات کی بنا پر نئے مالکان اپنا نام ظاہر نہیں کر رہے جب کہ ملازمین کو بھی اس ضمن میں ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ فوری طور پر سیاسی خاندان کا نام ظاہر نہ کریں۔

سیاسی خاندان کی جانب سے آواز ٹی وی کو خریدے جانے کے بعد اس کا مرکزی دفتر بھی دارالحکومت کراچی کے پوش علاقے میں منتقل کردیا گیا جب کہ پہلے چینل کا دفتر صدر کے علاقے میں ہوتا تھا۔

نئے مالکان نے چینل کو خریدتے ہی ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اضافے کے وعدے کیے ہیں، تاہم تاحال فوری طور پر ملازمین کو ثمرات نہیں مل سکے۔