فہرست ملنے کے باوجود جیکب آباد انتظامیہ غیر ملکیوں کے خلاف آپریشن کرنے سے قاصر

وفاقی سیکیورٹی اور خفیہ ادارے کی جانب سے ضلع میں موجود غیر قانونی افغانیوں کی فہرست فراہم کیے جانے کے باوجود جیکب آباد انتظامیہ 126 افغان خاندانوں کے خلاف کارروائی کرنے سے قاصر ہے۔

جیکب آباد ضلعی انتظامیہ کے مطابق ضلع بھر میں ایک ہزار سے کم غیر ملکی افراد موجود ہیں، جن کے خلاف جلد کارروائی کی جائے گی، دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ادارے نے انتظامیہ کو ایسے غیر قانونی افغانیوں کی فہرست فراہم کردی ہے جو ضلع میں کاروبار بھی کر رہے ہیں۔

روزنامہ پنھنجی اخبار کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو فراہم کردہ فہرست میں افغانیوں کے نام اور ٹیلی فون نمبرز کے ساتھ ان کی رہائش کا علاقہ بھی بتایا گیا ہے لیکن اس باوجود ضلعی انتظامیہ نے تاحال ایسے افراد کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔

جیکب آباد انتظامیہ کا غیرملکیوں کی سندھ بدری کے نام پر یومیہ 10 لاکھ روپے خرچ کرنے کا انکشاف

رپورٹ کے مطابق ضلع بھر میں غیر قانونی افغانی مختلف کاروبار کرتے دکھائی دیتے رہے ہیں جب کہ ضلعی انتظامیہ نے ضلع میں ایک ہزار سے کم غیر ملکیوں کی موجودگی کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ جلد ان کے خلاف کارروائی شروع کی جائے گی۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ غیر قانونی افغانیوں کو سندھ بدر کرنے کے لیے بنائے گئے ہولڈنگ کیمپس کو چلانے کے لیے سندھ حکومت سے یومیہ 10 لاکھ روپے وصول کر رہی ہے اور اب تک جیکب آباد انتظامیہ کو سندھ حکومت 17 کروڑ روپے کے فنڈز بھی جاری کر چکی ہے۔