سندھ میں زیادہ تر بچے خوراک کی کمی ، زائد وزن اور موٹاپے کا شکار، سندھ فوڈ اتھارٹی
ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین کا کہنا ہے کہ پاکستان خصوصا صوبہ سندھ میں بچے خوراک کی کمی ، زیادہ وزن اور موٹاپے کے مسائل کا شکار ہیں ،ملک میں غذائی قلت کے عمودی پروگرامنگ سے ہٹ کر مربوط انتظامی منصوبوں کے ذریعے بچوں کے ان مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔
اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ ورکشاپ “گلوبل ایکشن پلان آن چلڈرن ویسٹنگ فریم ورک” سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پانچ سال سے کم عمر کے دس میں سے چار بچے خوراک کی کمی کا شکار ہیں، غذائی قلت کا دوہرا بوجھ تیزی سے ظاہر ہوتا جا رہا ہے، تقریبا تین میں سے ایک بچہ کم وزن کے ساتھ ساتھ اسی عمر کے گروپ میں زیادہ وزن کے ساتھ مسائل کا شکار ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل سندھ نے کہا کہ اس سلسلے میں سندھ فوڈ اتھارٹی فورٹیفیکیشن پروگرامز بالخصوص آٹے ، تیل اور نمک فورٹیفیکیشن پروگرامز کیلوریز پر موثر اقدامات لے رہی ہے اور اسکول جانے والے بچوں کے بارے میں آگاہی کے پروگراموں پر بھی کام کر رہی ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ ہم سندھ میں اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں کریں گے۔