کراچی ڈویژن میں جعلی اساتذہ کے نام پر 31 کروڑ روپے کی کرپشن کا انکشاف

کراچی ڈویژن میں وزارت تعلیم کے محکمہ اسکول میں جعلی اساتذہ کے نام پر بینکوں سے 31 کروڑ روپے سے زائد کی رقم نکلوانے کا انکشاف سامنے آنے کے بعد تفتیش شروع کردی گئی۔

محکمہ ایجوکیشن میں مذکورہ 31 کروڑ روپے سے زائد کی رقم کراچی ڈویژن کے مختلف ٹاؤنز کے تعلقہ ایجوکیشن آفیسرز (ٹی ای اوز) اور ہیڈماسٹرز نے مختلف بینکوں سے جعلی اساتذہ کے نام سے نکلوائی، جس کا انکشاف سامنے آنے کے بعد محکمہ ایجوکیشن کے سیکریٹری نے ڈائریکٹر اسکولز سے تفتیش کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

روزنامہ پنھنجی اخبار کے مطابق جمشید ٹاؤن، لیاری، گلشن اقبال اور ملیر کے ٹی ای اوز سمیت کراچی ڈویژن کے ٹی ای اوز کے پاورز رکھنے والے ہیڈ ماسٹرز نے مختلف جعلی اساتذہ کے نام سے سرکاری کھاتوں سے 31 کروڑ روپے کی رقم نکلوائی۔

رپورٹ کے مطابق کرپشن کرنے والے افسران نے ریاض احمد، علی اصغر، روبینا، عائشہ، نیر سلطانہ، مکیش کمار، کرشن گوپال، ثمینا اور فرزانا سمیت دیگر کے ناموں سے سرکاری اکاؤنٹس سے 31 کروڑ روپے کی رقم نکلواکر ہڑپ کرلی۔

سیکریٹری نے ڈائریکٹر اسکولز کو جلد از جلد تفتیش مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے پیسے نکلوانے کی بینک اسٹیٹمنٹس اور رسیدیں بھی مانگ لیں۔