سانگھڑ میں وحشی ملزم نے شک پر بیوی اور دو کمسن بچیوں کو ذبح کر ڈالا

IMG-20231119-WA0002

ضلع سانگھڑ میں وحشی نشئی ملزم نے شک کی بنا پر بیوی اور دو کمسن بچیوں کو ذبح کرنے کے بعد اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں بیوی کے کردار پر شک تھا۔

روزنامہ کاوش کے مطابق ملزم شان علی نے 18 نومبر کو بیوی اور دو کمسن بچیوں کو مبینہ طور پر نشہ دے کر انہیں ذبح کردیا تھا، جس وجہ سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی تھیں۔

بعد ازاں مقتولہ خاتون کے والد کی درخواست پر پولیس نے وحشی ملزم کے خلاف مقدمہ دائر کرکے انہیں گرفتار کرلیا تھا اور خاتون اور بچیوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی تھیں۔

ملزم نے گرفتاری کے بعد دوران تفتیش بیوی اور بچیوں کو ذبح کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے اہلیہ کے کردار پر شک ظاہر کرتے ہوئے انہیں قتل کرنے کا سبب بتایا۔

پولیس کے مطابق وحشی ملزم نشے کا عادی رہا ہے اور وہ مقتولہ کے شوہر کے علاوہ ان کے کزن بھی تھے، دونوں کی 6 سال قبل شادی ہوئی تھی اور انہیں دو بیٹیاں تھیں، ملزم نے ماں اور بیٹیوں کو ایک ساتھ قتل کیا۔

پولیس کے مطابق وحشی ملزم کا دو سال تک نشے سمیت نفسیاتی بیماریوں کا علاج بھی چلتا رہا ہے اور اب اس نے بیوی اور بچیوں کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔