اوباوڑو میں قبائلی تصادم اور پولیس مقابلہ، خاتون اور 2 اہلکاروں سمیت 10 افراد قتل

سندھ اور پنجاب کے دنگل پر موجود سندھ کے آخری شہر اوباوڑو کے قریب قبائلی تصادم کے دوران اسلحہ بردار ملزمان کی فائرنگ کے بعد جائے وقوع پر پولیس کے پہنچنے سے ہونے والے مقابلے سمیت مجموعی طور پر 10 افراد ہلاک ہوگئے۔

سندھی ٹی وی چینل ٹائم نیوز کے مطابق ماچھکو کے قریب شر برادری کے عمرو شر سمیت دیگر ملزمان نے وہاں کھیت میں کام کرنے والے سولنگی برادری کے افراد پر فائرنگ کردی، جس سے موقع پر ہی چار افراد ہلاک ہوگئے جب کہ ملزمان کی فائرنگ سے ایک راہگیر خاتون عابدہ سیلرو بھی ہلاک ہوگئیں۔

ملزمان کی فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور اس نے ملزمان کے ساتھ مقابلہ شروع کردیا۔

پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے میں دو پولیس اہلکار بھی قتل ہوگئے جب کہ باقی افراد کو قتل کرنے والے ملزم عمرو شر سمیت اس کے دونوں ساتھی بھی مقابلے میں ہلاک ہوگئے۔

قبائلی تصادم اور پولیس مقابلے کے دوران مجموعی طور پر ایک خاتون اور دو پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد قتل ہوگئے اور علاقہ کئی گھنٹے تک نوگو ایریا بنا رہا۔

فائرنگ اور مقابلے کے دوران دیگر افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں، جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جب کہ مزید حملوں کے پیش نظر علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔