سندھی ثقافتی دن: جسے دیکھ کر دوسروں نے بھی کلچر ڈے منانا شروع کیے

سندھ بھر میں ہر سال دسمبر کے پہلے ہفتے میں سندھی ثقافت کا دن منایا جاتا ہے اور اسے 2010 سے منایا جا رہا ہے۔

سندھی ثقافتی دن کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے دوسرے صوبوں اور خطوں میں رہنے والی برادریوں اور قوموں نے بھی اپنے ثقافتی دن منانا شروع کیے تھے۔

سندھی ثقافتی دن کے بعد اب ہر سال پاکستان میں مختلف مہینوں کے اندر مہاجر ثقافتی دن، پنجابی کلچرل ڈے، پشتون ثقافتی دن، سرائیکی کلچر ڈے اور بلوچ ثقافتی دن سمیت دیگر برادریوں کے ثقافتی دن بھی منائے جاتے ہیں، تاہم سب سے زیادہ دھوم دھام سے سندھی ثقافتی دن کو منایا جاتا ہے۔

ابتدائی طور پر سندھی ثقافتی دن کو اس وقت منایا گیا جب سابق صدر آصف علی زرداری کے بیرون ممالک دوروں کے دوران سندھی روایتی ٹوپی پہننے پر 2010 میں اس وقت کے ٹی وی چینلز نے تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کی جانب سے ٹوپی پہننے کو معیوب قرار دیا، جس سے سندھی افراد کی دل آزاری ہوئی اور انہوں نے سندھی ثقافتی دن منانے کا اعلان کیا۔

پہلی بار کاوش اینڈ کے ٹی این میڈیا گروپ کے اس وقت مالک علی قاضی کی جانب سے سندھی ثقافتی دن منانے کا اعلان کیا گیا اور اب وہ ایک نئے میڈیا گروپ پنھنجی اخبار اور ٹائم نیوز کے مالک ہیں اور اب وہ الگ دن پر سندھی ثقافتی دن مناتے ہیں۔

سندھی ثقافتی دن کو منانے کا سب سے پہلے اعلان سندھی نشریاتی ادارے کرتے ہیں اور تمام ادارے مختلف دنوں کا اعلان کرتے ہیں لیکن بعض مرتبہ سب ہی ادارے ایک ہی دن ثقافتی عید مناتے ہیں۔

عام طور پر ہر سال دسمبر کے پہلے ہی ہفتے سندھی ثقافتی دن منانے کا اعلان کیا جاتا ہے اور خصوصی طور پر دسمبر کے پہلے اتوار کو کلچرل ڈے منایا جاتا ہے لیکن بعض اوقات دوسرے یا تیسرے اتوار کو بھی منایا جاتا ہے۔

سندھی کلچر ڈے کو منانے کے اعلانات اور تیاریاں نومبر کے شروع میں ہی ہوجاتی ہیں اور اسے قومی و ثقافتی عید کے طور پر منایا جاتا ہے، چھوٹے اور بڑے شہروں میں ایک ماہ قبل ہی ثقافتی پروگرامات ہونا شروع ہوجاتے ہیں۔

ثقافتی دن پر دارالحکومت کراچی سے کشمور تک سندھ ثقافت کے رنگوں میں رنگ جاتی ہے اور ہر طرف لڑکے اور لڑکیاں سندھی ثقافتی لباس پہنے قومی گیتوں پر رقص کرتے، ایک دوسرے کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بنواتے دکھائی دیتے ہیں۔

سندھ بھر کے لوگ ثقافتی دن کے لیے عید کی طرح خصوصی لباس تیار کرواتے ہیں، جسے وہ ثقافتی دن پر پہن کر ہونے والی تقریبات میں شرکت کرتے ہیں۔