کوٹ ڈیجی قلعے سے 30 سال قبل چوری ہونے والی توپیں پولیس اور کمشنر ہاؤس سے برآمد
محکمہ ثقافت سندھ قلعہ کوٹ ڈیجی سے لاپتہ ہونے والی چھ توپوں کا سراغ لگا لیا، جن کی واپسی مرحلہ وار ہوگی۔
یادگار اور تاریخی قلعہ کوٹ ڈیجی خیرپور سے مذکورہ توپیں تیس سال سے لاپتہ تھیں۔
محکمہ ثقافت سندھ نے انتھک کوششوں سے پتہ لگایا تو انکشاف ہوا کہ دو توپیں خیرپور پولیس لائن، 2 توپیں ڈپٹی کمشنرہاؤس خیرپور، ایک مریم چوک خیرپور ایس ایس پی آفس اور ایک ببرلو پولیس اسٹیشن میں نصب ہیں۔
محکمہ ثقافت نے بعد میں تاریخی توپوں کی واپسی کیلیے پولیس اور انتظامیہ سے رابطہ کیا۔
توپوں کی واپسی کے سلسلے میں نگران وزیرثقافت ڈاکٹرجنید علی شاہ نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندھ رفعت مختار سے ملاقات کی اور فوری طور پر توپوں کی واپسی کی درخواست کی، جس کے بعد توپوں کی واپسی کے اقدامات کئے گئے اور جلد واپسی کے احکامات بھی جاری کیے۔
روزنامہ ایکسپریس کے مطابق آئی جی کے حکم کی بدولت خیرپور پولیس لائن سے 2 توپیں محکمہ ثقافت نے اپنی تحویل میں لے لیں، جن کی تزئین وآرائش مکمل کرکے انہیں واپس قلعہ بھیجا جائے گا جبکہ باقی توپیں بھی مرحلہ وار واپس منگوا کرقلعہ کا حصہ بنائی جائیں گی۔
ڈاکٹر جنید علی شاہ نے توپوں کی واپسی کے لئے اقدامات کرنے پرآئی جی سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ توپوں کی عدم موجودگی قلعہ کی تاریخی حیثیت متاثر کررہی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے تاریخی مقامات ہمارا قومی اثاثہ ہیں،تاریخی مقامات کی حفاظت اور دیکھ بھال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔