خیرپور میڈیکل کالج سے طالبہ سنیہا جوتی کیسوانی کی لاش برآمد

خیرپور میڈیکل کالج (کے ایم سی) کے ہاسٹل سے ایم بی بی ایس فائنل ایئر کی ہندو طالبہ سنیہا جوتی کیسوانی کی لاش برآمد ہونے نے کئی سوالات کھڑے کردیے۔

سنیہا جوتی کیسوانی کا تعلق ضلع گھوٹکی کے شہر ڈہرکی سے بتایا جا رہا ہے اور وہ اقلیتی برادری ہندو کمیونٹی سے تعلق رکھتی تھیں۔

سندھی ٹی وی چینل ’دھرتی ٹی وی‘ کے مطابق سنیہا جوتی کیسوانی کی لاش ہاسٹل سے برآمد ہوئی، ان کی لاش کو سول اسپتال خیرپور منتقل کیا گیا، جہاں ان کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ خیرپور میڈیکل کالج کی انتطامیہ نے دعویٰ کیا کہ سنیہا جوتی کیسوانی کو ہاسٹل میں بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا تھا، جب انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تو انہیں مردہ قرار دیا گیا۔

دوسری جانب اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طالبہ کو مردہ حالت میں ہی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

طالبہ کی لاش سول اسپتال منتقل کیے جانے پر خیرپور میڈیکل کالج کی طالبات اور طلبہ جمع ہوگئے اور انہوں نے شفاف تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا، دوسری جانب سنیہا جوتی کی لاش ملنے پر طالبات خوف زدہ بھی دکھائی دیں۔

فوری طور پر سنیہا جوتی کے ورثا اور کالج انتظامیہ سمیت پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے کوئی وضاحتی بیان جاری نہیں کیا، مقتولہ طالبہ کے پوسٹ مارٹم کے بعد ان کی لاش ورثا کے حوالے کی جائے گی۔