نئوں ڈیرو میں بک فیسٹیول، محفل موسیقی اور ثقافتی میلے کا انعقاد

شمالی سندھ کے ضلع لاڑکانہ کے شہر نئوں ڈیرو میں رواں برس بھی تین روزہ کتب میلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں نہ صرف کتابوں سے دلچسپی رکھنے والے اہل علم نے شرکت کی بلکہ میلے دوران محفل موسیقی اور ثقافتی اشیا کے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے۔

نئوں ڈیرو میں ہر سال موسم سرما میں کتب میلے کا انعقاد کیا جاتا ہے، جس میں محفل موسیقی، ادب اور آرٹ کے پروگرام بھی منعقد کیے جاتے ہیں جب کہ اس بار ’سرتیوں‘ کی جانب سے ثقافتی اشیا کا اسٹال بھی لگایا گیا تھا۔

سیلاب زدہ نئوں ڈیرو میں کتب میلے کا انعقاد

تین روزہ میلے کا افتتاح پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) لاڑکانہ کے صدر اور چیئرمین ضلع کونسل اعجاز احمد لغاری نے کیا جب کہ ان کے ہمراہ افتتاحی تقریب میں نئوں ڈیرو کے جنرل سیکریٹری محمد انور برڑو، چیئرمین میونسل کمیٹی نئوں ڈیرو حاجی عبدالخالق بھٹو نے بھی شرکت کی اور میلے کے انعقاد کو شہریوں کے لیے بہتر قرار دیا۔

کتب میلے، محفل موسیقی اور ثقافتی اشیا کے اسٹالز کو لگانے کے عمل کو چیئرمین ضلعی کونسل لاڑکانہ اعجاز احمد لغاری نے سراہا اور کہا کہ میلے سے نہ صرف شہریوں کو اچھی تفریح ملی ہے بلکہ اس سے اہل علم کو کتاب بھی خریدنا کا موقع ملا۔ انہوں نے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے میلوں کا انعقاد کیا جاتا رہے گا۔

میلے کا انعقاد شاہ لطیف پارک میں کیا گیا، میلے کا انعقاد سندھیکا پبلی کیشن، سرتیوں کرافٹس، سبھ جو آواز اور سوشل اینڈ ڈیویلپمنٹ ایسوسی ایشین کی جانب سے کیا گیا۔

میلے کے انتظامات غلام علی بھٹو، خالد حسین کوری، فیاض حسین ابڑو، عزیراللہ کٹپر، ارشاد میرانی اور دوسروں کی جانب سے کیے گئے، جنہوں نے نہ صرف کتب میلے کا انعقاد کیا بلکہ محفل موسیقی اور ثقافتی اشیا کے اسٹالز بھی لگائے تاکہ شہری سندھی کلچرل ڈے کی مناسبت سے اشیا کی خریداری بھی کر سکیں۔