سیلاب زدہ نئوں ڈیرو میں کتب میلے کا انعقاد

فوٹو: غازی حسین حیدری

سیلاب زدہ شمالی سندھ کے ضلع لاڑکانہ کے علاقے نئوں ڈیرو میں مختلف سماجی و فلاحی تنظیموں کی جانب سے کتابوں اور تعلیم سے شگف رکھنے والے افراد کے لیے کتب میلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

نئوں ڈیرو میں گزشتہ چند سال سے سالانہ کتب میلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور اس بار سیلاب کی تباہی کی وجہ سے خیال کیا جا رہا تھا کہ میلے کا انعقاد نہیں ہوگا، تاہم منتظمین نے کامیاب میلہ منعقد کرکے سیلاب زدہ افراد کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دیں۔

کتب میلے کا اہتمام سوشل اویئرنس اینڈ ویلیفیئر ایسوسی ایشن، سرتیوں سکھیا سینٹر، سندھیکا اکیڈمی اور نیشنل بک فائونڈیشن کی جانب سے کیا گیا، جس میں مختلف اشاعت گھروں نے کتابوں کے اسٹال لگائے۔

 

کتب میلے میں کتابوں کے علاوہ کھانے اور پینے کے اسٹال بھی لگائے گئے جب کہ ثقافتی اشیا کے اسٹالز کو بھی کتب میلے کا حصہ بنایا گیا۔

کتب میلے کے منتظمین خالد کوری، فیاض ابڑو، عزیزاللہ کٹپر،کامران شیخ، منور ناریجو اور غازی حسین حیدری سمیت دیگر نے علاقے میں سیلاب کی تباہی کے با وجود کتب میلے کا انعقاد کرکے علاقہ مکینوں اور خصوصی طور پر ادب اور تعلیم سے وابستہ افراد کو تفریح کا موقع فراہم کیا۔

کتب میلے کے دوران کتابوں کو نصف قیمت پر فروخت کیا گیا اور علم و ادب کے شائقین نے سیلاب کی تباہی اور مالی تنگدستی کے باوجود بہت بڑی تعداد میں کتابیں خریدیں۔