سندھ حکومت کا کالجز میں انٹرنشپ پر اساتذہ بھرتی کرنے کا اعلان
فائل فوٹو: فیس بک
سندھ حکومت نے صوبے بھر کے کالجز میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے تمام اضلاع کے کالجز میں مختلف مضامین کے اساتذہ کو خالصتا کانٹریکٹ کی بنیاد پر انٹرنشپ کے تحت بھرتی کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا۔
سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق صوبے بھر کے کالجز میں مختلف مضامین کے اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے کالج ٹیچنگ انٹرنس پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔
حکومت کے مطابق مختلف مضامین میں 16 سال کی تعلیم حاصل کرنے والے سندھ کے نوجوان انٹرنشپ کے لیے اہل ہوں گے اور تمام امیدواروں کو ان کے متعلقہ ضلع میں خالی آسامیوں کے حساب سے بھرتی کیا جائے گا۔
محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق تمام امیدواروں کو خالصتا 7 ماہ کی انٹرنشپ پر بھرتی کیا جائے گا اور امیدواروں کو ماہانہ 60 ہزار روپے معاوضہ ادا کیا جائے گا۔
محکمہ تعلیم نے سندھ بھر کے نوجوانوں کو اپنی درخواستیں آن لائن جمع کروانے کی ہدایت کی ہے اور درخواستیں 26 نومبر سے جمع کروائی جا سکیں گی، امیدوار اس لنک پر کلک کرکے درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔