دادو میں سیلاب سے ٹوٹا پل 4 کروڑ روپے میں تعمیر ہونے کے 4 ماہ بعد گر گیا

سال 2022 میں آنے والے بدترین سیلاب سے ضلع دادو میں جوھی برانچ پر ٹوٹ جانے والا پل تعمیر کے چار ماہ بعد ہی تھوڑے سے پانی کے دباؤ پر ٹوٹ گیا، جس سے کئی دیہات کا دوسرے قصبوں سے نہ صرف زمینی رابطہ منقطع ہوگیا بلکہ اس سے زرعی زمینوں کو پانی کی ترسیل بھی رک گئی۔

جوہی برانچ کی کاری موری آر ڈی 73 پر تعمیر کیا گیا پل چار کروڑ روپے کی لاگت سے محض چار ماہ قبل ہی تیار کیا گیا تھا اور اب تو بارشیں اور سیلاب بھی نہیں آیا لیکن اس باوجود پل ٹوٹ گیا۔

مذکورہ پل گزشتہ برس بدترین سیلاب آنے کی وجہ سے ٹوٹا تھا، جس کے بعد نہ صرف علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع تھا بلکہ پل نہ ہونے کی وجہ سے وہاں سے زرعی پانی کا گزر بھی بند تھا اور ہزاروں ایکڑ زمین خشک سالی کا شکار تھی۔

مقامی افراد کے شدید احتجاج کے بعد مقامی انتظامیہ نے پل بنوایا لیکن ناقص تعمیر اور ناقص مٹیریل استعمال کرنے کی وجہ سے پل پانی کا دباؤ اور بہاؤ ہی برداشت نہیں کر سکا اور محض 4 ماہ کے اندر ٹوٹ گیا۔

مقامی افراد نے انتظامیہ پر پل کی تعمیر میں کرپشن کے الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ پل میں ناقص مٹریل استعمال کیا گیا تھا۔