تعلیم حاصل کرنے اور موٹر سائیکل چلانے پر پورا گوٹھ رتودیرو کی لڑکی کا دشمن بن گیا
ضلع لاڑکانہ کے شہر رتودیرو کے قریبی گائوں میں تعلیم حاصل کرنا اور موٹر سائیکل چلاکر اہل خانہ کی مدد کرنا معصوم لڑکی کے لیے عذاب بن گیا، گائوں والوں نے غیرت میں آکر لڑکی کے خاندان کا دھان کا تیار فصل (چاول کا فصل) جلا ڈالا۔
سندھی ٹی وی چینل ٹائم نیوز کے مطابق رتودیرو کے گوٹھ زنگیجو کی بہادر طالبہ زینب منگنیجو گائوں کی واحد لڑکی ہے جو ابھی تک میٹرک کی تعلیم حاصل کرنے تک کامیاب ہوئیں ہیں، ساتھ ہی وہ علاقے کی پہلی لڑکی ہیں جو والدین کا سہارا بننے کے لیے موٹر سائیکل چلا کر گھر کے کاموں میں ان کا ہاتھ بٹاتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق زینب منگنیجو کی جانب سے موٹر سائیکل چلانا اور تعلیم حاصل کرنا مبینہ طور پر گائوں والوں کی غیرت کا سبب بنا اور گائوں والوں نے زینب کے والد کا دھان کا تیار فصل (چاول کا فصل) جلا ڈالا، جس کی مالیت 10 سے 12 لاکھ روپے تھی۔
Zeenat from Ratodairo, Sindh, the girl you see in this video, is a studying in 10th class and also drives a rickshaw to help her family. She's asking the government for help because their only source of income, their crops, got destroyed by people who oppose her education. 1/2 pic.twitter.com/efQ1VJ46Ea
— SorathSindhu (@SindhuSorath) December 10, 2023
مذکورہ لڑکی کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں بھی زینب کو والد سمیت اپنی تیار فصل کو آگ میں جلتا دیکھ کر اشکبار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
وائرل ویڈیو میں زینب سندھی زبان میں بتاتی سنائی دیتی ہیں کہ ان کا قصور یہ ہے کہ وہ تعلیم حاصل کر رہی ہیں اور گاڑی چلاتی ہیں، جس پر پورے گائوں کو تکلیف ہوتی ہے۔
انہوں نے روتے ہوئے بتایا کہ گائوں والوں نے دشمنی میں آکر ان کے دھان کے تیار فصل کو آگ لگادی، ان کے والد ہیپاٹائیٹس کے مریض ہیں، وہ صدمہ برداشت نہیں کر سکیں گے، وہ مر جائیں گے۔
بہادر طالبہ بتاتی ہیں کہ انہیں اپنی زمین نہیں ہے، علاقے کے زمیندار نے انہیں زمین فراہم کی تاکہ وہ اپنے گزر سفر کے کے لیے اس میں کاشت کر سکیں لیکن گائوں والوں نے ان کے ساتھ ظلم کیا اور ان کی تیار فصل کو اگ لگادی۔
زینب نے مقامی انٹظامیہ، پولیس اور اعلیٰ حکام سے معاملے کا نوٹس لے کر انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جب کہ سوشل میڈیا صارفین نے بھی ان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بہادر لڑکی کے ساتھ انصاف کیا جائے۔