سندھ مورت مارچ کھلم کھلی بے غیرتی ہے, اداکارہ زرنیش خان
معروف اداکارہ زرنش خان نے صوبائی دارالحکومت کراچی میں گزشتہ ماہ نومبر میں خواجہ سرا کمیونٹی کی جانب سے منعقد کیے جانے والے سندھ مورت مارچ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے بے غیرتی قرار دے دیا۔
سندھ مورت مارچ کچھ روز قبل نومبر میں خواجہ سرا کمیونٹی کے زیرِ اہتمام دارالحکومت کراچی کے فیرئیر ہال میں منعقد کیا گیا تھا جس میں خواجہ سراؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس مارچ میں خواجہ سراؤں کی جانب سے ناصرف موسیقی اور رقص کا مظاہرہ کیا گیا بلکہ بنیادی حقوق کے لیے اپنی آواز بھی بلند کی گئی۔
مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے خواجہ سراؤں نے مارچ کے دوران پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔
گزشتہ ماہ ہونے والی اس مارچ میں کراچی کے میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، خصوصی نشست پر منتخب ہونے والے خواجہ سرا بلدیاتی نمائندے شہزادی رائے اور ٹرانس رائٹس کارکن رانی بندیا نے شرکت کی۔
انسٹاگرام پر اداکارہ کی ایک پوسٹ گردش کررہی ہے جس میں وہ اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
پوسٹ میں انہوں نے 22 نومبر 2023 میں کراچی میں ہونے والے مورت مارچ کی طرف نشاندہی کرتے ہوئے لکھا کہ ‘اس ملک میں مزید تباہی کی کیا ضرورت تھی؟ کھلم کھلا بے غیرتی۔’
ویڈیو میں جہاں ایک طرف کانسرٹ نما مورت مارچ ہوتا دکھائی دے رہا ہے وہیں دوسری جانب زرنش کے مذمتی الفاظ بھی نمایاں ہو رہے ہیں۔