قلندر لعل شہباز کی درگاہ سے سوا کروڑ روپے کا سونا چوری
ضلع جامشورو کی تحصیل سیہون میں موجود معروف صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندر کی درگاہ سے ایک کروڑ 23 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے سونا اور زیورات چوری ہوگئے۔
محکمہ اوقاف کے مطابق لعل شہباز قلندرؒ کے مزار سے ایک کروڑ 23 لاکھ 72 ہزار کا سونا چوری ہوا، سیکریٹری اوقاف سندھ منورعلی مہیسر نے سونا چوری ہونے کی تصدیق کردی۔
دوسری جانب نگران وزیر اوقاف سندھ محمد عمر سومرو نے سونا چوری ہونے پر انکوائری کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی، جس نے ابتدائی رپورٹ دے دی۔
انہوں نےدرگاہ کے مینیجر کی تنخواہ اور پنشن بھی روکنے کے احکامات بھی جاری کردیے۔
کمیٹی میں محکمہ اوقاف سکھر کے ایڈمنسٹریٹر ارشاد سموں، آڈٹ افسر اوقاف غلام رسول سومرو، اکائونٹس افسر محمد نواز پٹھان شامل تھے۔
محکمہ اوقاف انکوائری کمیٹی نے سونے کی چوری معاملے میں درگاہ کے منیجر اوقاف سیہون زبیر بلوچ کو قصور وار قرار دیتے ہوئے معطل کردیا۔
سیکرٹری اوقاف نے منیجرکیخلاف سونا چوری کا مقدمہ درج کرکے کیس اینٹی کرپشن سندھ کو بھیجنے کا حکم دے دیا۔
ترجمان محکمہ اوقاف نے بتایا کہ درگاہ کے مینیجر زبیر بلوچ نے تحقیقات کے دوران اپنا جرم قبول کیا اور چوری کا بھی اعتراف کرلیا۔
ذرائع کے مطابق مینجر اوقاف نے توشہ خانہ کی چابی اپنے قریبی دوست علی رضا نامی شخص کو دے رکھی تھی جو ایک کروڑ 23 لاکھ 72 ہزار کا سونا چوری کرکے فرار ہوگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زبیر بلوچ کئی سال سے درگاہ کے مینیجر تعینات تھے اور نذرانہ باکس کی چابی بھی اُن کے پاس ہی تھی۔
چوری کی اس بڑی واردات کے بعد نگران حکومت نے سندھ میں قائم تمام درگاہوں کے مینیجرز کے خلاف بھی تحقیقات کا فیصلہ کرلیا۔