بلاول بھٹو زرداری ایاز میلو میں دکھی گیت سن کر اشکبار ہوگئے

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری حیدرآباد میں ہونے والے نویں ایاز میلو کے دوران گلوکارہ کی غمگین آواز میں دکھی گیت سن کر اشکبار ہوگئے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ایاز میلو کو ہر سال دسمبر میں منعقد کیا جاتا ہے، اس کے منتظمین میں خواتین سماجی رہنما عرفانہ ملاح اور امر سندھو بھی شامل ہیں۔

اس سال ایاز میلو کے نویں سیزن کی افتتاحی تقریب میں بلاول بھٹو زرداری نے بھی شرکت کی، جس پر میلے کے منتظمین کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا جب کہ بلاول بھٹو زرداری پر بھی تنقید کی گئی۔

میلے کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کچھ گانے اور شاعری بھی سنی اور اس دوران وہ انتہائی جذباتی ہوگئے اور ان کے اشکبار ہونے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

بلاول بھٹو زرداری میلے میں دو مواقع پر آبدیدہ ہوگئے، ایک مرتبہ وہ شاعرہ سحر امداد بلوچ کی جانب سے والدہ محترمہ بینظیر بھٹو پر لکھی گئی نظم پڑھنے کے دوران اشکبار ہوگئے۔

جب کہ دوسری بار وہ صحرائے تھر کی گلوکارہ شکیلا نون کی جانب سے گائے گئے کلاسک دکھی گیت مائے نی میں کنوں آکھاں درد وچھوڑے دا حال نی گانے پر آبدیدہ ہوگئے۔

بلاول بھٹو کے آبدیدہ ہونے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور لوگوں نے ان پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔