سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ میں میگا کرپشن اسکینڈل، 50 کروڑ روپے ہتھیانے کی کوشش ناکام

سندھ ٹیکسٹ بُک بورڈ میں میگا کرپشن اسکینڈل سامنے آنے پر نگران حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے سابق چیئرمین آغا سہیل پٹھان کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا۔

آغا سہیل پٹھان کے بطور چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ خردبرد کا انکشاف سامنے آیا ہے جس کی تحقیقات کے لیے نگران حکومت نے احکامات جاری کر دیے اور اینٹی کرپشن کو تفتیش کا حکم جاری کردیا گیا۔

اس حوالے سے اے آر وائے نیوز نے بتایا کہ سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے اکاؤنٹ سے ٹرانسپورٹ کی مد میں ایک کروڑ کے لگ بھگ رقم نکلوائی گئی جب کہ 70 کے قریب ملازمین بغیر اشتہار کنٹریکٹ پر بھرتی کیےگئے۔

وزیراعلیٰ کو پیش کی گئی رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ ملازمین گھر بیٹھ کرتنخواہ لیتے ہیں، ٹیکسٹ بُک بورڈکے 50 کروڑ روپے بھی نجی بینک میں انویسٹمینٹ کی مد میں دینے کی کوشش کی گئی۔

سندھ حکومت نے ٹریزری حکام کے ذریعے چیک کو کیش ہونے سے روک دیا جب کہ خردبرد کا انکشاف سامنے آنے کے بعد تفتیش کے احکامات بھی جاری کردیے۔