ایاز میلو کے لیے حکومت سندھ نے 50 لاکھ گرانٹ دی جو ناکافی ہے، وزیر اطلاعات

نگران صوبائی وزیر اطلاعات احمد شاہ نے تصدیق کی ہے کہ حیدرآباد میں منعقد کیے گئے ایاز میلو کے لیے سندھ حکومت نے 50 لاکھ روپے کی گرانٹ دی جو کہ ناکافی ہے۔

ایاز میلے کی اختتامی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات احمد شاہ نے کہا کہ شیخ ایاز صدی کے عظیم شاعر ہیں، ایاز ایک تحریک کا نام ہے، اس میلے کو سجانا ایک کامیاب کوشش ہے، یہ میلہ کسی کھلی جگہ پر منعقد کیا جائے جہاں 20ہزار سے زائد لوگ آئیں۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ایاز میلے کے بجٹ کا انہیں علم نہیں، محکمہ ثقافت نے میلے کے 50 لاکھ روپے کی گرانٹ دی ہے جو کافی نہیں۔

صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری پر بات کرتے ہوئے نگران وزیر نے کہا کہ ایس ایس پی سکھر عرفان سموں وہاں 5سال سے تعینات تھے لیکن وہ جان محمد مہر کے قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام رہے، انہوں نے کہا کہ جان محمد مہر کے قتل میں دیگر عوامل بھی ہو سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ جان محمد مہر کے قاتل کی گرفتاری پر 50 لاکھ کا انعام رکھا ہے۔