این آئی سی وی ڈی میں صحافیوں سے ناروا سلوک، گورنر سندھ و وزیر اطلاعات نے رپورٹ طلب کرلی

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز (این آئی سی وی ڈی) اسپتال میں صحافیوں کے ساتھ اسپتال انتظامیہ کے ناروا سلوک کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی۔

این آئی سی وی ڈی میں صحافیوں ریاض سہیل, ان کی اہلیہ صحافی فہمیدہ ریاض، ضیاالحمان اور فیاض نائچ کے ساتھ اسپتال عملے کی جانب سے ناروا سلوک کیا گیا تھا جب کہ عملے کی جانب سے صحافیوں پر مبینہ تشدد کرکے ان سے موبائل فون بھی چھین لی لے گئے تھے۔

واقعہ سامنے آنے کے بعد گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے این آئی سی وی ڈی انتظامیہ کی جانب سے صحافیوں کے ساتھ ناروا سلوک کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری صحت سید منصور عباس رضوی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

ترجمان گورنر ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کامران ٹیسوری نے زور دے کر کہا کہ ایسے واقعات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے سیکریٹری صحت سندھ کو ہدایت کی کہ صحافیوں پر تشدد میں ملوث افراد کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

دوسری جانب نگران وزیر اطلاعات محمد احمد شاہ نے متاثرہ صحافیوں سے رابطہ کیا اور انہیں واقعے کی شفاف تحقیقات کی یقین دہانی کرائی۔

نگران وزیر نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) ساؤتھ کو بھی ہدایت کی اور انہیں اسپتال کے سی سی ٹی وی فوٹیج کیمروں کا تجزیہ کرکے حقائق سامنے لانے جائیں۔