سندھ حکومت نے اداکار بچوں کے تحفظ کے لیے قوانین تیار کرلیے
حکومت سندھ نے چلڈرن ڈراما انڈسٹری آرڈیننس اور سندھ ایکٹرز رائلٹی آرڈیننس کے نام سے دو نئے قانونی آرڈیننس تیار کرلیے جنہیں جلد صوبے میں نافذ کیے جانے کا امکان ہے۔
دونوں آرڈیننس وزارت ثقافت نے محکمہ انسانی حقوق و لیبر کی مشاورت سے تیار کیے۔
اس حوالے سے نگران صوبائی وزیر ثقافت جنیدعلی شاہ کا کہنا ہے کہ چلڈرن ڈراما انڈسٹری آرڈیننس کے تحت بچوں کے ورکنگ آور طے کیے جائیں گے۔
قانون کے مسودہ کے مطابق ڈراموں اور فلموں میں کام کرنے والے بچوں کو اسکول کے اوقات میں کام پر نہیں بلایا جائے گا۔
قانون کے مطابق بچوں کو رات دیر تک ریکارڈنگز کیلئے نہیں روکا جائے گا۔
وزیر ثقافت کا کہنا تھا کہ بچوں کو اسکول کے اوقات اور رات دیر تک شوٹ پر بلانے پر کارروائی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ آرڈیننس کے تحت انڈسٹری میں کام کرنے والے بچوں کی تعلیم میں خلل نہیں آئے گا، خواہش ہے آرٹسٹ بچے اپنا کام اور تعلیم ساتھ ساتھ جاری رکھیں۔
جنید علی شاہ نے مزید کہا تھا کہ آرڈیننس کی خلاف ورزی پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور پولیس کارروائی کرے گی۔
علاوہ ازیں حکومت نے آرٹسٹ رائلٹی آرڈیننس بھی تیار کرلیا، جس کے تحت فنکاروں کو ان کے کام پر رائلٹی ملنا یقینی ہوجائیگا۔