سندھ سے اقلیتوں کی نشست پر پہلی بار 8 خواتین کے نامزدگی فارم جمع

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے عام انتخابات کے لیے جمع کرائے گئے نامزدگی فارمز کے اعداد و شمار جاری کردیے گئے، جن کے مطابق سندھ بھر سے صوبائی اسمبلی میں اقلیتی کی نشستوں پر پہلی بار 8 خواتین نے نامزدگی فارم جمع کرائے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ اسمبلی کی اقلیتوں کی 9 نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 125 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع ہوئے ہیں، جس میں سے 117 مرد ہیں۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے لیے کن خواتین کے نامزدگی فارم جمع ہوئے ہیں، تاہم کچھ دن قبل خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی جانب سے اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے لیے صوبائی اسمبلی کے لیے کسی خاتون کے کاغذات جمع نہیں کرائے گئے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں سندھ سے قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی نشست پر کسی خاتون نے کاغذاات جمع نہیں کروائے۔

مجموعی طور پر ملک کے چاروں صوبوں میں اقلیتوں کی نشستوں پر 32 خواتین نے کاغذات جمع کرائے ہیں جب کہ قومی اسمبلی پر صرف اسلام آباد سے 10 خواتین کے اعداد جاری کیے گئے ہیں۔

حیران کن طور پر بلوچستان سے اقلیتوں کی نشستوں پر 9 خواتین نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جب کہ پنجاب سے بھی 9 خواتین کے کاغذات جمع ہوئے ہیں، خیبرپختونخوا (کے پی) سے سب سے کم 6 خواتین کے کاغذات جمع ہوئے ہیں۔