سندھ پولیس کا 4 ماہ میں 18 ہزار اشتہاری و مفرور ملزمان گرفتار کرنے کا دعویٰ

سندھ پولیس نے چار ماہ میں ریکارڈ 18ہزار کے قریب اشتہاری اور مفرور ملزمان کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے مقابلوں کے دوران 97 ڈاکوئوں کا بھی انکائونٹر کیا۔

انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس رفعت مختار راجہ کو پیش کی گئی کارکردگی رپورٹ کے مطابق سندھ پولیس نے ستمبر سے دسمبر 2023 کے درمیان صوبے بھر میں امن و امان کے لیے کی جانی والی سرگرمیوں میں خاطر خواہ پیش رفت کی۔

رپورٹ کے مطابق چھاپوں، اسنیپ چیکنگ، پٹرولنگ اور دیگر مختلف کارروائیوں کے ذریعے سندھ پولیس نے چار ماہ میں مجموعی طور پر6655 اشتہاری اور 11252 مفرور ملزمان کو گرفتار کیا۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق جامع رپورٹ میں متعدد کامیاب کارروائیوں پر روشنی ڈالی گئی، جن میں پولیس مقابلے، جرائم پیشہ گروہوں کا قلع قمع ، ڈکیتی، دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا کاروں کی گرفتاری سے متعلق گرفتاریاں شامل ہیں۔

پولیس رپورٹ کے مطابق ندھ بھر میںکاررائیوں کے دوران6820 ڈاکو، 23دہشت گرد، 6 ٹارگٹ کلرز، 5 ہائی وے پر لوٹ مار کرنے والے ڈاکو، اور 6 اغوا کاروں کو گرفتار کیا گیا۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 972 پولیس مقابلوں کے دوران97 ڈاکو اپنے انجام کو پہنچے، جبکہ سندھ بھر میں 1340 جرائم پیشہ گروہوں کو بھی گرفتار کیاگیا۔

پولیس کے مطابق کراچی میں393 پولیس مقابلوں میں 3812 ڈاکو، 1دہشت گرد، 2 ہائی وے پر ڈکیتیان کرنے والے ڈکیت، 6 اغوا کار، 855 اشتہاری اور 3631 مفرور ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جس کے نتیجے میں شہر سے 1133 گینگز کا خاتمہ کیا گیا۔

اسی طرح حیدرآباد رینج میں 1699 ملزمان، 998 اشتہاری اور 2111 مفرور ملزمان کو گرفتار کیا گیا، اس کے ساتھ 59 ڈکیت گینگز کا خاتمہ کیا گیا۔

پولیس کے مطابق میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، سکھر، اور لاڑکانہ رینجز میں رینجز کے ساتھ مل کر گینگز کو ختم کیا گیا۔