پہلی لیبر یونین کے اعلیٰ عہدوں پر سندھ کی لیڈی ہیلتھ ورکرز منتخب

صوبائی دارالحکومت کراچی میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں آل لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام یونین آلپو کی پہلی منتخب مجلس عاملہ نے حلف اٹھا لیا۔

تقریب کا انعقاد آرٹس کائونسل میں 4 جنوری 2024 کو کیا گیا، جس میں سندھ کے تمام اضلاع سے 600 سے زائد لیڈی ہیلتھ ورکرز، سول سوسائٹی کے ارکان اور ٹریڈ یونینز کے نمائندوں اور صحافیوں نے شرکت کی۔

تقریب کا اہتمام نیشنل آرگینیزیشن فار ورکنگ کمیونیٹیز (نائو کمیونیٹیز) نے آکسفیم کے پراجیکٹ وومن وائس اینڈ لیڈرشپ پروگرام کے تعاون سے کیا۔

لیڈی ہیلتھ ورکرز یونین کی ممبرشپ بڑھانے کے لیے نائو کمیونیٹیز نامی سماجی تنظیم نے اہم کردار ادا کیا، جس کی بدولت یونین کے رجسٹرڈ ممبران کی تعداد 3000 سے بڑھ کر 6500 ہوگئی۔

یونین ارکان کی تعداد بڑھنے پر یونین کے عہدیداروں کا انتخاب کیا گیا اور عہدیداروں کی تقریب حلف برادری منعقد کی گئی۔
یونین کی مجلس عاملہ کے کل 30 ارکان میں صرف 4 مرد عہدیدار ہیں جب کہ باقی تمام ارکان خواتین ہیں۔

مجلس عاملہ میں بطور چئیرپرسن بشریٰ آرائیں، جنرل سیکریٹری فرحت سلطانہ، صدر نور فاطمہ سمیت کل 27 خواتین شامل ہیں جو کسی بھی ٹریڈ یونین میں اپنی مثال آپ ہے۔

پروگرام کے آخر میں چئیر پرسن بشری آرائیں نے خطاب کیا اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کے دیرینہ مسائل جیسا کہ سروس اسٹرکچر کی مجوزہ کاپی ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ سندھ کے افسران اے ڈی جی ڈاکٹر خالد اور پی ڈی ڈاکٹر فرحانہ میمن کو پیش کی۔

خیال رہے کہ یونین عہدیداروں کے انتخاب کے لیے پہلے ایک غیر جانب دار الیکشن کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جس کی سربراہی مشھور سیاسی رہنما اور پیپلز لیبر بیورو کے چئیر پرسن جناب حبیب الدین جنیدی نے کی، جب کی جنرل سیکریٹری کے فرائض مشھور صحافی محترمہ لبنیٰ جرار نے ادا کیے۔

غیر معمولی تاریخی تقریب میں مشہور آرٹ پرفارمر شیما کرمانی،عورت فائونڈیشن کی ریزیڈنٹ ڈائیریکٹر مہناز رحمان، سندھ کمیشن آن دی اسٹیٹس آف وومن کی چئیر پرسن نزہت شیریں، ایکٹیویسٹ ملکہ خان، مشھور دانشور ڈاکٹر جعفر احمد، واپڈا یونین کے چئیر پرسن جناب لطیف نظامانی، یو این آئی کے ترجمان فصیح الدین، نیشنل لیبر کائونسل کےلیاقت ساہی، پاکستان فشر فوک فورم کے جنرل سیکریٹری سعید بلوچ، انسانی حقوق کے چئیر پرسن اسد اقبال بٹ، مشھور ٹریڈ یونینیسٹ مرزا مقصود احمد، ایڈیشنل ڈائیریکٹر جنرل ڈاکٹر خالد میمن، پی ڈی، ایل ایچ ڈبلیوز پروگرام ڈاکٹر فرحانہ میمن آر ایم این سی ایچ ، محکمہ صحت اور نائو کمیونیٹیز کی ایگزیکیٹیوو ڈائیریکٹر محترمہ فرحت پروین نے بھی خطاب کیا۔