سندھ کے قبائلی تصادم میں لوگوں کو سعودی عرب اور ایران جاکر قتل کرنے کا انکشاف

سندھ میں کئی دہائیوں سے قبائلی تصادم جاری ہیں، جنہوں نے گھروں کے گھر تک اجاڑ دیے ہیں لیکن اب سندھ میں ہونے والے تصادم بیرون ممالک تک جا پہنچے اور دشمنی میں لوگ بیرون ملک جا بسنے والوں کو بھی قتل کرنے لگے۔

سندھی ٹی وی چینل ٹائم نیوز کے مطابق ملیر پریس کلب پر پپری میں رہنے والے گوپانگ برادری کے افراد نے ایران میں قتل کیے گئے نوجوان کی لاش سمیت دھرنا دیا اور دعویٰ کیا کہ ملزمان نے ایران جاکر ان کے نوجوان کو قتل کیا۔

ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے مقتول ریاض گوپانگ کی وارث خواتین نے بتایا کہ گوپانگ برادری سے ہی تعلق رکھنے والے ملزمان نے ایران جاکر مقتول کو قتل کیا۔

ورثا نے الزام عائد کیا کہ مذکورہ ملزمان نے ایک سال قبل سعودی عرب میں بھی جاکر ان کے ایک نوجوان کو قتل کیا تھا اور اب دوسرے سال کے آغاز میں ہی دوسرے نوجوان کو قتل کیا گیا۔

ورثا کے مطابق قاتل ان کی جائیداد پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں اور وہ انہیں جائیداد چھوڑنے کا کہتے رہتے ہیں، دوسری صورت میں ان کے تمام افراد کو قتل کرنے کی دھمکیاں دیتے رہتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق گوپانگ برادری سے تعلق رکھنے والے قاتل اور مقتول کے خاندانوں کے درمیان جائیداد پر کئی سال سے تنازع جاری ہے۔