ایس ایس پی سجاول شہلا قریشی نے خود سے کم عمر اسسٹنٹ کمشنر سے شادی کرلی

ضلع سجاول میں تعینات سینیئر سپرنٹنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) شہلا قریشی نے خود سے کم عمر ایڈیشنل کمشنر 2 سید وجاہت علی سے شادی کرلی۔

دونوں افراد ضلع سجاول میں تعینات ہیں اور دونوں کا انتظامی معاملات چلانے کے لیے ایک دوسرے سے رابطہ رہتا تھا اور اب دونوں نے ایک دوسرے کو شریک سفر منتخب کرلیا۔

سندھی ٹی وی چینل ٹائم نیوز کے مطابق دونوں نے نکاح کرلیا اور دلہن کی رخصتی 15 جنوری تک ہوگی، ولیمے کی تقریبات حیدرآباد اور کراچی میں منعقد کی جائیں گی۔

رپورٹ کے مطابق سید وجاہت علی کا تعلق حیدرآباد جب کہ شہلا قریشی کا تعلق کراچی سے ہے، اس لیے دونوں شہروں میں الگ الگ ولیمے کی تقریبات ہوں گی۔

خاتون پولیس افسر کے خلاف ملزمان کی رہائی کے بدلے ڈیفنس میں بنگلہ لینے کی تفتیش 

دلچسپ بات یہ ہے کہ شہلا قریشی اپنے شریک حیات سے زائد العمر ہیں، وہ 19 ویں گریڈ کی افسر ہیں اور انہیں پولیس میں خدمات سر انجام دیتے ہوئے بھی 11 سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔

شہلا قریشی نے دارالحکومت کراچی سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد دیارام جیٹھامل (ڈی جے) سائنس کالج میں بطور لیکچرر ملازمت سے کیریئر کا آغاز کیا، اس بعد انہوں نے کمیشن اور سی ایس ایس کے امتحانات دے کر پولیس رینک میں شمولیت اختیار کی اور 2012 کے بعد وہ پولیس کا حصہ ہیں۔

ایس ایس پی سجاول تعینات ہونے سے قبل وہ مختلف عہدوں پر بھی تعینات رہی ہیں اور ان کی عمر 45 سال سے زائد بتائی جاتی ہے جب کہ ان کے شوہر سید وجاہت علی ابھی گریڈ 17 کے افسر ہیں اور انہیں سرکاری افسر بنے ہوئے زیادہ عرصہ نہیں ہوا۔

شہلا قریشی پر ماضی میں کرپشن اور رشوت لینے کے الزامات بھی لگتے رہے ہیں، جنہیں وہ اپنے خلاف پروپیگنڈا قرار دیتی رہی ہیں۔